لکھنؤ کے ایک ہندی روزنامہ میں کام کرنے والے صحافی اور اس کی بیوی کو تشدد کا نشانہ بناکر ہلاک کیا گیا

سون بھدر، 18 نومبر: پولیس کے مطابق ایک صحافی، جس نے ایک ہندی روزنامہ کے نمائندے کی حیثیت سے کام کیا تھا، اور اس کی بیوی کو سون بھدر ضلع کے برواڈھیہ گاؤں میں بے دردی سے مارا پیٹا گیا تھا۔

متاثرہ ادے پاسوان موقع پر ہی دم توڑ گیا جب کہ اس کی اہلیہ شیتلا نے منگل کے روز وارانسی کے ایک اسپتال میں دم توڑ دیا۔

خبر کے مطابق یہ واقعہ گاؤں کے ایک سابق ​​پردھان سے پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

مقتول نے اپنے اور اپنے کنبہ کو درپیش خطرہ کے مد نظر سیکیورٹی کے لیے کونے پولیس سے رجوع کیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ڈیوٹی میں تاخیر کے الزام میں اب تین پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

سون بھدر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اشیش سریواستو نے کہا ’’اس سلسلے میں انسپکٹر کونے پولیس اسٹیشن، ایک سب انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا ہے۔ چھ ملزمان میں سے پانچ کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جب کہ مرکزی ملزم کیول پاسوان، جو گاؤں کا سابق پردھان بھی ہے، مفرور ہے۔

ادے اور اس کی اہلیہ شیتلا، جو اس دھمکی کے پیش نظر سیکیورٹی کا مطالبہ کر رہے تھے، پیر کی صبح اپنے مطالبے کو لے کر مزید بات کرنے کے لیے کونے پولیس اسٹیشن گئے تھے۔

پیر کی شام دیر سے، جب جوڑا موٹرسائیکل پر گھر لوٹ رہا تھا، تب ان پر لاٹھیوں اور سلاخوں سے حملہ کیا گیا۔

جوڑے نے مدد کے لیے پکارا لیکن کوئی آگے نہیں آیا۔

ادے کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور شیتلا کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ منگل کی شام اسپتال میں دم توڑ گئی۔

سریواستو نے کہا ’’ادے کے بیٹے ونے پاسون کی شکایت پر گاؤں کے ایک سابق پردھان کیول پاسوان، ان کی اہلیہ کوشلیہ، بیٹے جتیندر، گبر، سکندر اور اس کے نمائندے اخلاق عالم کے خلاف نامزد ایف آئی آر کے تحت دفعہ 147، 148 اور 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ کیول کے علاوہ دیگر تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

کیول اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ ادے کی دشمنی کے بارے میں ونے نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے والد کسان بھی تھے اور لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے ایک ہندی روزنامہ کے نمائندے کی حیثیت سے کام کرتے تھے۔

ادے کا کیول سے طویل عرصے سے زمین کا تنازعہ تھا اور دونوں گروہوں کے خلاف سن 2016، 2018 اور اس سال بھی مقدمات درج تھے۔

ونے نے کہا ’’میرے والد نے لکھنؤ میں وزیر اعلی کے جنتا دربار میں بھی شکایت کی تھی۔ وزیر اعلی کے دفتر سے جاری کردہ ہدایات کے باوجود سون بھدر پولیس نے کوئی توجہ نہیں دی۔‘‘