شردھا والکر کا قتل میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا، لیکن اس جیسے ہی کئی حالیہ واقعات کو وہ توجہ نہیں دی گئی

نئی دہلی، نومبر 23: اپنے ساتھی 27 سالہ شردھا والکر کو بے دردی سے قتل کرنے اور اس کے ٹکڑے کرنے کے الزام میں آفتاب پونا والا کی گذشتہ پندرہ دن پہلے کی گرفتاری نے بھارت میں ساتھی کے ساتھ تشدد پر نئی توجہ مرکوز کر دی ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی 2021 کی ’’کرائم ان انڈیا‘‘ رپورٹ میں 1,566 واقعات میں قتل کے محرک کے طور پر ’’محبت کے معاملات‘‘ کو درج کیا گیا ہے۔

صرف نومبر میں کئی معاملات، جن میں والکر کے بہیمانہ قتل سے کچھ مماثلتیں ہیں، بھارت کی کئی ریاستوں میں منظر عام پر آئے ہیں۔

یہ قتل مبینہ طور پر میاں بیوی یا شراکت داروں کی طرف سے کیے گئے تھے۔ تاہم ان کیسز کو میڈیا میں اتنی توجہ نہیں ملی جتنی کہ پونا والا کے ذریعہ مبینہ طور پر قتل کو دی گئی۔

اتر پردیش

21 نومبر کو اتر پردیش پولیس نے اعظم گڑھ ضلع میں ایک شخص کو اپنی سابق گرل فرینڈ کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ٹکڑے کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ٹکڑوں کو کنویں میں ڈال کر سر تالاب میں پھینک دیا گیا تھا۔

ملزم شخص نے، جس کی شناخت پرنس یادو کے طور پر ہوئی ہے، مبینہ طور پر 22 سالہ آرادھنا پرجاپتی کو کسی اور سے شادی کرنے کے بعد قتل کر دیا تھا۔ یادو اور پرجاپتی دو سال سے رشتہ میں تھے۔

وہیں پولس نے بتایا کہ 12 نومبر کو اتر پردیش کے مین پوری ضلع میں ایک نوبیاہتا خاتون کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

اس معاملے میں کلدیپ سنگھ یادو نامی شخص کو گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ وہ خاتون کا سابق عاشق تھا اور اس نے اسے قتل کیا کیوں کہ وہ اس کی شادی سے ناخوش تھا۔

دہلی

اے این آئی کے مطابق دہلی کے ہرش وہار میں ایک 35 سالہ شخص نے اتوار کو مبینہ طور پر اپنی بیوی کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔

پولیس کا الزام ہے کہ یوگیش کمار نامی شخص نے جھگڑے کے بعد اپنی بیوی ارچنا کو قتل کر دیا۔ حکام نے ایجنسی کو بتایا کہ جوڑے کو مالی مسائل کا سامنا تھا اور انھوں نے کئی افراد سے رقم ادھار لی تھی۔

پنجاب

ہندوستان ٹائمز کے مطابق 18 نومبر کو پنجاب کے بھٹنڈہ شہر میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب ایک 38 سالہ خاتون کلوندر کور کو دن دہاڑے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

پولیس نے اس معاملے میں سکھ پال سنگھ نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عورت کا شوہر ہے۔ حکام نے ایک .32 بور پستول اور جرم میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کی۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی ایس پرمار نے کہا ’’سکھ پال اور کلوندر کا خاندانی تنازعہ تھا۔ ہماری ابتدائی تحقیقات میں ہم نے یہ بھی پایا کہ سکھ پال کے خلاف پنجاب اور ہریانہ میں 13 مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔‘‘

مہاراشٹر

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق 16 نومبر کو ایک 22 سالہ خاتون شویتا راناواڑے، پونے میں اس وقت ہلاک ہوگئی جب اس پر مبینہ طور پر تیز دھاردار ہتھیار سے حملہ کیا گیا۔

پولیس نے الزام لگایا ہے کہ پراتک دھاملے نام کا ایک 26 سالہ شخص، جو راناواڑے کی طرف سے شادی کے لیے انکار کیے جانے کے بعد اسے ہراساں کر رہا تھا، اس قتل میں ملوث ہے۔

ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ خاتون کے اہل خانہ نے مبینہ طور پر ہراساں کیے جانے کے بارے میں پولیس میں شکایت درج کرائی تھی لیکن حکام نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ اخبار کے مطابق ایک سب انسپکٹر اور دو دیگر اہلکاروں کو اس معاملے کی تحقیقات کے لیے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا اورنگ آباد میں پولیس نے کہا کہ ایک پی ایچ ڈی کے طالب علم نے خود کو آگ لگا لی اور اسی حالت میں اپنی گرل فرینڈ کو گلے لگا کر قتل کرنے کی کوشش کی۔

اس شخص کا نام 30 سالہ گجانن منڈے ہے، جب کہ خاتون کی شناخت 28 سالہ پوجا سالوے کے طور پر کی گئی ہے۔ ان دونوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ منڈے 90 فیصد جھلس چکا ہے جب کہ خاتون 55 فیصد جھلس چکی ہے۔

پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق منڈے، سالوے سے ناخوش تھا کیوں کہ اس نے اس کی شادی کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔

تمل ناڈو

5 نومبر کو ایک شخص نے مبینہ طور پر چنئی کے چنگلپیٹ علاقے میں اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔ رنجیت کمار نامی یہ شخص مبینہ طور پر اپنی بیوی سدھامتی سے ناراض تھا کیوں کہ وہ فون پر ایک دوست سے بات کر رہی تھی۔

پولیس نے کہا کہ انھوں نے کمار کو اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ اپنی بیوی کی لاش کو جلدی میں دفنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس شخص نے مبینہ طور پر اپنے رشتہ داروں کو فون کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ کپڑے استری کرتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے کے سبب مر گئی تھی، اور وہ لاش کو فوری طور پر دفن کر رہا تھا کیوں کہ وہ سڑ رہی تھی۔

خاتون کے رشتہ داروں کو شک ہوا اور انھوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد کمار کو گرفتار کر لیا گیا۔