لکشدیپ کے رکن پارلیمنٹ محمد فیضل کی لوک سبھا رکنیت بحال

نئی دہلی ،29 مارچ :۔

بالآخر لمبی لڑائی کے بعد این سی پی کے لیڈر اور لکشدیپ کے ایم پی محمد فیضل کی لوک سبھا کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ ان کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ہائی کورٹ نے ایک فوجداری معاملے میں ان کی سزا پر روک لگا دی تھی، جس کے بعد لوک سبھا سیکریٹ کی جانب سے یہ فیصلہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رکنیت کی بحالی میں ہو رہی تاخیر کا معاملہ سپریم کورٹ میں اٹھایا گیا تھا جہاں سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے فیضل کی طرف سے پیش ہو کر اس معاملے کو ہندوستان کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ کے سامنے رکھا۔ سنگھوی نے جانکاری دی کہ خط لکھے گئے تھے، لیکن فیضل کی رکنیت بحال کرنے کے لیے ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں مختصر سماعت کے بعد منگل کے روز عرضی پر سماعت کی اجازت دی تھی۔ خیال رہے کہ فیضل کی 10 سال کی جیل کی سزا پر کیرالہ ہائی کورٹ نے 25 جنوری کو روک لگا دی تھی دی اور عدالت عظمیٰ نے بھی ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے سے انکار کر دیا تھا۔


واضح رہے کہ 2009 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران کانگریس کے آنجہانی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی ایم سعید کے داماد محمد صالح کے قتل کی کوشش کا مجرم پائے جانے کے بعد محمد فیصل سمیت چار لوگوں کو سزا ہوئی تھی جس کے بعد لوک سبھا سیکریٹریٹ نے ان کی رکنیت منسوخ کر دی تھی۔