لوک سبھا انتخابات:پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد بی جے پی کی ہندو مسلم سیاست شروع

وزیر اعظم نریندر مودی نے عوامی جلسے میں کانگریس کے بہانے کھل کر مسلمانوں پر نشانہ سادھا،کانگریس کی سخت تنقید،وزیر اعظم کے بیان کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا

نئی دہلی ،22 اپریل:۔

لوک سبھا انتخابات2024 کا سلسلہ جاری ہے۔پہلے مرحلے کے لئے ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مختلف دعوے کئے جا رہے ہیں ۔جہاں بی جے پی کانگریس کا سپڑا صاف ہونے کے دعوے کر رہی ہے وہیں کانگریس بھی دعوے کر رہی ہے کہ پہلے مرحلے میں بی جے پی کی ہوا نکل گئی ہےاور 400 پار کے دعوےپھس ہو گئے ہیں۔

دریں اثنا پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے ختم ہوتے ہیں بی جے پی نے ہندو مسلم کی کھل کر سیاست شروع کر دی ہے۔اب تک وزیر اعظم نریندر مودی اپنے عوامی جلسوں میں لوگوں کو ترقیاتی کاموں اور دنیا میں ملک کے وقار کو بلند کرنے کے نام پر ووٹنگ کی اپیل کرتے تھے لیکن پہلے مرحلے کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم بھی اپنے عوامی جلسوں میں کھل کر ہندو مسلمان کرتے نظر آ رہے ہیں ۔گزشتہ کل راجستھان میں ہوئے ایک عوامی جلسے میں وزیر اعظم نے کھلے اسٹیج سے کانگریس پر حملہ کے بہانے مسلمانوں کو نشانہ بنایا اور مسلمانوں کو در انداز قرار دیتے ہوئے انہیں زیادہ بچے پیدا کرنے والے کہہ کر طنز کیا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو راجستھان کے بانسواڑا میں منعقد انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جب ان کی سکار تھی انہوں نے کہا تھا کہ ملک کی جائیداد پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے۔اس کا مطلب یہ جائیدا د اکٹھی کر کے کس کو تقسیم کریں گے؟ جن کے زیادہ بچے ہیں ان کو بانٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دراندازوں کو تقسیم کریں گے۔ آپ کی محنت کی کمائی کا پیسہ دراندازوں کو دیا جائے گا؟ کیاآپ کو یہ منظور ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ اربن نکسل والی سوچ ہے۔ میری ماؤں اور بہوں یہ آپ کا منگل ستر بھی فروخت کر دیں گے۔اس حد تک چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کا منشور کہہ رہا ہے کہ وہ ماؤں اور بہنوں کے سونے کا حساب کریں گے اس کی معلومات لیں گے اور پھر اس جائیدا کو تقسیم کریں گے اور ان کو بانٹیں گے جن کے بارے میں منموہن سنگھ کی سرکار نے کہا تھا کہ جائیداد پر پہلا حق مسلمانوں کا ہے۔

دوسری جانب کانگریس نے وزیر اعظم مودی کے اس تبصرہ پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں مایوسی کا سامنا کرنے کے بعد وزیر اعظم اب جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں ۔ کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں کسی بھی وزیر اعظم نے اپنے عہدے کے واقار کو مودی جتنا کم نہیں کیا ہے۔ مودی گھبراہٹ  سے بھری تقریر سے پتہ چلتا ہے کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا19 اپریل کو ہوئے پہلے مرحلے کے الیکشن میں جیت حاصل کر رہا ہے۔ کھڑگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مودی نے جو کہا وہ نفرت پھیلانے والا بیان تھا اور توجہ بھٹکانے کی سوچی سمجھی چال  بھی۔آج وزیر اعظم نے وہی کیا جو انہوں نے آر ایس ایس سے سیکھا۔