فرش پر بیٹھ کر ہی عرش کا سفر طے کیا جاتا ہے

سوشل میڈیا پر ’ ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم‘ کا عظیم کارنامہ سرخیوں میں

 

مٹی سے وابستہ شخص کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے، چاہے جس مقام پر پہنچ جائے۔ انسانیت کا احترام ملحوظ خاطر رکھنا ضرور رنگ دکھاتا ہے۔ کچھ اسی طرح کی شخصیت تلنگانہ کے بھوپال پلی کے ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم کی ہے جن کی انسانیت دوستی اور غریب پروری کی آجکل خوب ستائش ہو رہی ہے۔ حال ہی میں انہوں نے ایک عمر رسیدہ خاتون کی فریاد فرش پر بیٹھ کر سُنی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ حالانکہ یہ تصویر فروری 2020 کے آخری ہفتے کی ہے لیکن ادھر چند دنوں سے اس تصویر کو سوشل میڈیا پر صارفین نے خوب شیئر کیا ہے اور ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم کی خدمت کو خوب سراہا ہے۔ ٹویٹر پر نریش ڈبّوڈو لکھتے ہیں کہ ’’ ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم جیسے پبلک سرونٹ سے کافی طلباء متاثر ہوتے ہیں‘‘ انوبھا شریواستو سہائی ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم اور بزرگ خاتون کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر مگر جامع انداز میں لکھتے ہیں "RESPECT” اس طرح کے اور بھی متعدد صارفین نے ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم کی انسانیت دوست جذبے کی تعریفیں کیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو سال سے مختلف دفاتر کے چکر کاٹ کر تھک چکی ایک عمر رسیدہ خاتون کا ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم نے چند لمحوں میں مسئلہ حل کر دیا۔ دفتر کے سیڑھیوں پر بیٹھ کر اس ضلع کلکٹر نے بزرگ خاتون کے مسائل سے واقفیت حاصل کی اور فوری متعلقہ عہدیداروں کو عمر رسیدہ خاتون کو پنشن جاری کرنے کا حکم دیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ضلع کلکٹر محمد عبد العظیم عوامی مسائل کے حل پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔ اسکولی طلبا سے ملاقاتیں کرنا، ہیلتھ سینٹر کا دورہ کرنا، ڈرینیج سسٹم کو بہتر بنانا اور ضلع کے عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرانا ان کا اصل مقصد ہے۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 20-26 ستمبر، 2020