غزہ جنگ 2025ء تک جاری رہ سکتی ہے: نیتن یاہو

تل ابیب ،17جنوری :۔

غزہ میں گزشتہ سال اکتوبر سے جاری جنگ کو سو دن سے زیادہ  ہو چکے ہیں ،غزہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ،شہریوں کی رہائش کے قابل نہیں ہے ،مگر اس کے باوجود اسرائیلی بمباری بچے حصوں پر جاری ہے ۔2024 میں بھی غزہ میں امن کی امیدیں نظر نہیں آ رہی ہیں یہ جنگ مزید طویل ہو سکتی ہے۔ جیسا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جنگ 2025ء تک جاری رہ سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  بنجمن نیتن یاہو نے یہ بات جنگی کابینہ کے اراکین کے مقامی کونسلوں کے سربراہوں کے ساتھ اجلاس کے دوران کہی۔ یہ اجلاس اسرائیلی فوج کی جنوبی کمان کے بئرسبع میں موجود کمانڈ سینٹرمیں منگل کو منعقد ہوا۔اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کے قریب کمیونٹیز کے مقامی کونسل کے سربراہوں کو بتایا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ حماس کے خلاف جنگ 2025ء تک جاری رہے گی۔

اسرائیل کے عبرانی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے وزارت دفاع کی طرف سے پیش کردہ اس منصوبے پر بھی اتفاق کیا جس میں غزہ کی سرحد کے قریب سے نقل مکانی کرنے والے آباد کاروں کی 4/7 کلو میٹرتک خالی کیے گئےعلاقے میں واپسی کےلیے انہیں مالی مدد کی فراہمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ کونسل کے سربراہوں نے مطالبہ کیا کہ واپسی کے عمل کو موسم گرما اور نئے تعلیمی سال کے آغاز تک ملتوی کردیا جائے۔ تل ابیب اس وقت تک عارضی رہائش گاہوں میں ان کے قیام کے لیے فنڈز فراہم کرتا رہے۔