ملک کی سب سے بڑی پرائیوٹ نیوز ایجنسی آئی اےاین ایس پر بھی اڈانی کا مکمل  قبضہ

نئی دہلی،17جنوری :۔

ملک کے معروف صنعتکار گوتم اڈانی کےاڈانی گروپ  کا میڈیا اداروں پر قبضہ کا سلسلہ جاری ہے ۔ این ڈی ٹی وی پر قبضہ کرنے کے بعد ایک اور میڈیا  گروپ  پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔ملک کی سب سے بڑی پرائیویٹ نیوز ایجنسی IANSانڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ میں اپنے شیئر میں اضافہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے اپنی میڈیا میں  موجودگی کو مستحکم کرنے کی کوششوں کے تحت نیوز ایجنسی کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اڈانی گروپ نے پچھلے مہینے IANS میں 50.50 فیصد حصص حاصل کیے تھےاور اب ووٹنگ کے حقوق کے ساتھ اپنی شیئر ہولڈنگ کو 76 فیصد اور ووٹنگ کے حقوق کے بغیر 99.26 فیصد تک بڑھا دیا ہے، جیسا کہ ایک ریگولیٹری فائلنگ میں بتایا گیا ہے۔

اڈانی گروپ کی فلیگ شپ فرم، اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ، نے فائلنگ میں کہا، "15 دسمبر 2023 کو ہماری سابقہ اطلاع کے تسلسل میں، ہم مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ اے ایم جی میڈیا نیٹ ورکس لمیٹڈ (اے ایم این ایل)، جو کہ ایک مکمل ملکیتی ماتحت ادارہ ہے۔ کمپنی نےآئی این ایس  انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ میں آئی این ایس  کے جاری کردہ تازہ حصص کو سبسکرائب کر کے اپنا حصہ بڑھایا ہے۔ 16 جنوری 2024 کو ہونے والی میٹنگ کے دوران IANS کے بورڈ نےشئیر کے الاٹمنٹ کو منظوری دی تھی۔

واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں IANS میں 50.50 فیصد حصص کے نامعلوم حصول کے بعد، اڈانی گروپ نے اب اضافی 25.50 فیصد ایکویٹی حصص حاصل کیے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، ووٹنگ کے حقوق کے ساتھ اس کا کل حصہ 76 فیصد ہے، اور ووٹنگ کے حقوق کے بغیر 99.26 فیصد ہو گیا ہے۔IANS کے پاس 11 کروڑ روپے کامجاز حصص سرمایہ ہے اور اس نے ایف آئی 23 میں 11.86 کروڑ روپے کی آمدنی ریکارڈ کی ہے۔

یاد رہے کہ اڈانی نے گزشتہ سال مارچ میں میڈیا کے کاروبار میں قدم رکھا جب انہوں نے بزنس اور مالیاتی نیوز ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم BQ Prime کے آپریٹر Quintillion Business Media کو حاصل کیا۔ بعد ازاں دسمبر میں، براڈکاسٹر این ڈی ٹی وی میں تقریباً 65 فیصد حصہ حاصل کر لیا۔ یہ تمام حصول اے ایم این ایل کے ذریعے کئے گئے تھے۔