شیولنگ،پاروتی اور نندی کی مورتی توڑنے کے الزام میں سنیل نامی ہندو شخص گرفتار

اتر پردیش کے سدھارتھ نگر ضلع میں گزشتہ 4 اپریل کو مورتی توڑے جانے سے ماحول کشیدہ ہو گیا تھا،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا

لکھنؤ،07 اپریل :۔
سدھارتھ نگر ضلع کے کھیسرہا تھانہ علاقے کےگینٹا گاؤں میں گزشتہ روز 4 اپریل کو ایک مندر میں قدیم شیو مندر کے شیولنگا اورپاروتی کی مورتی کو تباہ کر دیا گیا ۔اب تین دنوں کے بعد پولیس نے معاملے میں سنیل نامی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔خیال رہے کہ یہ مندر کافی پرانا بتایا جاتا ہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ تھے لیکن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین دنوں کے اندر ملزم کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز چار اپریل کو صبح کے وقت مندر میں پوجا کے لیے آئے مندر کے پجاری نے پولیس اور مقامی لوگوں کو اطلاع دی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی تھی۔


پولیس سپرنٹنڈنٹ پراچی سنگھ اور ضلع افسر پون اگروال موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد موقع پر بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی تھی۔ملزم کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے پولیس سپرنٹنڈنٹ پراچی سنگھ نے بتایا کہاس سلسلے میں اہم ملزم کلو عرف سنیل 38 سال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ اسی گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس نے پوچ گچھ میں بتایا کہ مندر کے پجاری سے اس کا تنازعہ چل رہا تھا ۔اور اس نے اس واردات کوشراب کے نشے میں انجام دیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ اس میں مزید لوگوں کے ملوث ہونے کے امکانات ہیں ،پوچھ گچھ جاری ہے اگر کوئی اور ملوث ہوتا ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔