شاہی امام کے معاون کی کورونا وائرس کی وجہ سے موت کے بعد جامع مسجد دوبارہ بند ہوسکتی ہے

نئی دہلی، 10 جون: پرانی دہلی میں واقع جامع مسجد کو، مسجد کے امام سید احمد بخاری کے ذاتی معاون کی منگل کی رات کورونا وائرس کی وجہ سے موت کے بعد عارضی طور پر ایک بار پھر بند کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 25 مارچ سے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کے بعد 8 جون کو مسجد دوبارہ کھول دی گئی تھی۔

بخاری نے خود میڈیا کو اپنے ذاتی معاون امان اللہ کی موت کی خبر کی تصدیق کی۔ امان اللہ گذشتہ 20 سال سے بخاری کے معاون کی حیثیت سے کام کرتے تھے۔ وہ 57 سال کے تھے اور ذیابیطس، دل اور جگر کی دیگر بیماریوں میں مبتلا تھے۔

انھیں 3 جون کو صفدرجنگ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں انھیں کورونا مثبت پایا گیا تھا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق امام بخاری عارضی طور پر ایک بار پھر مسجد کو بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

8 جون کو دوبارہ کھولے جانے کے بعد جامع مسجد میں تقریباً 200 افراد نے روزانہ نماز ادا کی۔