رسائل و مسائل

محمد رضی الاسلام ندوی

شوہرکی وراثت میں بیوہ کا حق
سوال:  تین برس قبل میرے شوہر کا اچانک انتقال ہو گیا۔ وہ ایک خلیجی ملک میں کام کرتے تھے۔ ان سے میرے دولڑکے ہیں، جو ابھی بہت چھوٹے ہیں۔ میرے والد نے دوسری جگہ میرا نکاح کر دیا۔ الحمدللہ میں خوش گوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہوں۔ لیکن چندباتوں سے بہت پریشان ہوں اور بڑی الجھن کا شکار ہوں۔ براہ کرم ان کے سلسلے میں میری شرعی رہ نمائی فرمائیں۔ میں آپ کی بہت شکر گزار ہوں گی۔
■ شوہر کی وفات کے بعد حکومت نے کچھ رقم دی۔ اس میں کچھ شرعی اعتبار سے میرا اور میرے بچوں کا حصہ لگایا گیا۔ میری رقم مجھے مل گئی اور بچوں کا حصہ بینک میں فکس کردیا گیا اور بتایا گیا کہ جب بچے اٹھارہ (۱۸) برس کے ہو جائیں گے تب وہ بینک اکاؤنٹ کو آپریٹ کرسکیں گے۔ میں نے درخواست دی کہ مجھے بچوں کے تعلیمی مصارف کے لیے رقم درکار ہے۔ چناں چہ ہر برس ایک متعین رقم نکلوانے کی اجازت ملی گئی ہے۔
■ میرے شوہر جس کمپنی میں کام کرتے تھے، اس کی طرف سے گریجویٹی اور دیگر ناموں سے کچھ رقم مزید ملی۔ اس سے ایک زمین خرید کر اس پر اپارٹمنٹس بنوا دیے گئے ہیں، جس کا کرایہ آتا ہے۔براہ کرم بتائیں کہ اس میں میرا کتنا حصہ ہے؟
■ مرحوم شوہر نے اپنی زندگی میں ایک فلیٹ میرے نام سے خریدا تھا اور اسے کرایے پر اٹھا دیا تھا۔وہ رقم مجھے ملتی تھی۔ میں نے بارہا اس کے بارے میں ان سے پوچھا۔ ہمیشہ انھوں نے یہی کہا تھا کہ وہ تمھارا ہے، جس طرح چاہو، کرو۔ براہ کرم وضاحت فرمائیں۔ کیا اس فلیٹ کی ملکیت صرف میری ہے، یا اس میں مرحوم شوہر کے بچوں کا بھی حصہ ہے؟
جواب: وراثت کے احکام قرآن مجید میں صراحت سے بیان کردیے گئے ہیں۔اس کی ایک شق یہ ہے:
فَإِنْ كَانَ لَكُمْ وَلَدٌ فَلَهُنَّ الثُّمُنُ مِمَّا تَرَكْتُمْ مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ تُوصُونَ بِهَا أَوْ دَيْنٍ (النساء: ۱۲)
اگر تم صاحب اولادہو تو تمھاری بیویوں کا حصہ آٹھواں ہوگا، بعد اس کے کہ جو وصیت تم نے کی ہو وہ پوری کردی جائے اور جو قرض تم نے چھوڑا ہو وہ ادا کردیا جائے۔
اس بنا پر اگر کسی شخص کا انتقال ہو اور بیوہ کے علاوہ اس کے دو لڑکے ہوں تو اس کی وراثت میں بیوہ کا حصہ آٹھوں (12.5%) ہوگا۔ بقیہ دونوں لڑکوں کے درمیان برابر تقسیم ہوگا۔امید ہے کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی رقم اسی طرح تقسیم کی گئی ہوگی۔ کمپنی سے ملنے والی زائد رقم سے جواپارٹمنٹس بنوائے گئے ہیں۔ ان میں اور ان سے حاصل ہونے والی کرائے کی رقم میں بھی اسی تناسب سے حصہ لگے گا۔
شوہر نے اپنی زندگی میں خریدے گئے فلیٹ کا رجسٹریشن بیوی کے نام سے کرایا ہو تو وہی اس کی مالک سمجھی جائے گی، الاّ یہ کہ شوہر نے صراحت کردی ہو کہ اس کا مالک وہ خود ہے، محض بعض ضوابط کی تکمیل یا بعض سہولیات کے حصول کے لیے اس نے رجسٹریشن کے وقت بیوی کا نام لکھوادیا ہے۔
یتیم بچوں کی کفالت چاہے ان کی ماں کر رہی ہو یا کوئی اور رشتے دار، اس کی ہرممکن کوشش ہونی چاہیے کہ ان کا مال ضائع نہ ہو اور ان کے کام آئے۔ اگر وہ صاحب حیثیت ہو تو بہتر ہے کہ بچوں کے مال میں سے اپنے اوپر کچھ نہ خرچ کرے، لیکن اگرضرورت مند ہوتو ان کی کفالت اور خدمت کے معاوضے کے طور پر کچھ رقم وصول کرنا اس کے لیے جائز ہوگا، البتہ یہ معاوضہ متعیّن ہونا چاہیے اور اس کا حساب رکھنا چاہیے، تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ بچوں کی کفالت کرنے والا بے دردی سے ان کا مال اڑا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بھی قرآن مجید نے واضح طور پر رہ نمائی کی ہے۔ اللہ تعالی کا ارشاد ہے:
وَلَا تَأْكُلُوهَا إِسْرَافًا وَبِدَارًا أَنْ يَكْبَرُوا وَمَنْ كَانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ وَمَنْ كَانَ فَقِيرًا فَلْيَأْكُلْ بِالْمَعْرُوفِ (النساء:۶)
ایسا کبھی نہ کرنا کہ حدِّانصاف سے تجاوز کر کے اس خوف سے ان کے مال جلدی جلدی کھا جاؤ کہ وہ بڑے ہو کر اپنے حق کا مطالبہ کریں گے۔ یتیم کا جو سر پرست مال دار ہو وہ پرہیزگاری سے کام لے اور جو غریب ہو وہ معروف طریقہ سے کھائے۔
مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے اس آیت کی تشریح میں لکھا ہے:
یعنی اپنا حق الخدمت اس حد تک لے کہ ہر غیرجانب دار معقول آدمی اس کو مناسب تسلیم کرے، نیز یہ کہ جو کچھ بھی حق الخدمت وہ لے، چوری چھپے نہ لے، بلکہ علانیہ متعین کرکے لے اور اس کا حساب رکھے۔ (تفہیم القرآن، مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز نئی دہلی، ۲۰۱۵، ۱/۳۲۴)
اور مولانا امین احسن اصلاحیؒ فرماتے ہیں :
سرپرست اگر مستغنی آدمی ہوتو اس کو یتیم کے مال میں کچھ لینے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ اگر غریب ہو تو دستور کے مطابق اس سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ ’دستور کے مطابق ‘سے مراد ہے ذمہ داریوں کی نوعیت، جائیداد کی حیثیت، مقامی حالات اور سرپرست کے معیارِ زندگی کے اعتبار سے وہ فائدہ اٹھانا جو معقولیت کے حدود کے اندر ہو، یہ نوعیت نہ ہو کہ ہر معقول آدمی پر یہ اثر پڑے کہ یتیم کے بالغ ہوجانے کے اندیشے سے اسراف اور جلدبازی کر کے یتیم کی جائداد ہضم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ (تدبرقرآن، تاج کمپنی دہلی، ۲۰۰۹، ۲/۲۵۵)
دوران عدّت تعلیمی سرگرمیوں کا جواز؟
سوال: میری بیٹی کا نکاح تقریباً تین برس قبل ہوا تھا، لیکن نباہ نہ ہوسکا، بالآخر اس نے خلع حاصل کر لیا ہے۔وہ پی ایچ ڈی کر رہی ہے۔ اسے روزانہ سائنسی مضمون کی وجہ سے تجربہ گاہ (لیب)جانا ہوتا ہے۔براہ کرم اس کی عدّت کی مدّت اور نوعیت کے سلسلے میں رہ نمائی فرمائیں۔ یہ بھی بتائیں کہ کیا وہ دورانِ عدّت اپنا تحقیقی کام جاری رکھ سکتی ہے؟ اور اس کے لیے لیب جا سکتی ہے؟
جواب:  قرآن مجید میں عدّت کی مدّت تین ماہ واری بیان کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
وَالْمُطَلَّقَاتُ يَتَرَبَّصْنَ بِأَنْفُسِهِنَّ ثَلَاثَةَ قُرُوءٍ ( البقرۃ:۲۲۸)
جن عورتوں کو طلاق دے دی گئی ہو وہ تین مرتبہ ایام ماہ واری آنے تک اپنے آپ کو روکے رکھیں۔
عدّت، چاہے طلاق کی ہو یا خلع کی، جمہور فقہا کے نزدیک تین ماہ واری یا تین ماہ ہے۔
عدّت کا ایک مقصد’ استبرائے رحم‘ ہے، یعنی قطعی طور پر یہ معلوم ہو جائے کہ اس شوہر سے عورت کو حمل ہے یا نہیں؟ اس وجہ سے عدّت کے دوران میں عورت کا دوسرا نکاح کرنے کی اجازت نہیں ہے۔اس کا دوسرا مقصد یہ ذہن نشین کرنا ہے کہ نکاح کا ٹوٹ جانا ایک اہم سماجی معاملہ ہے۔ اس لیے عورت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران میں زیب و زینت سے احتراز کرے اور گھر میں ٹِک کر رہے۔
ناگزیر صورت میں بعض ضروریات کی تکمیل کے لیے عورت گھر سے باہر نکل سکتی ہے۔ مثال کے طور پر وہ سخت بیمار ہوجائے تو ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے جا سکتی ہے یا اسے اسپتال میں داخل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح کوئی تنازعہ ہو جائے تو پولیس اسٹیشن یا عدالتی چارہ جوئی کے لیے کورٹ جاسکتی ہے۔کہیں ملازمت کر رہی ہو اور ڈیوٹی پر نہ جانے کی صورت میں ملازمت چھوٹ جانے کا اندیشہ ہو تو اسے جاری رکھ سکتی ہے۔ بعض احادیث سے اس کا ثبوت ملتا ہے۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ کی خالہ کو طلاق ہوگئی۔ دورانِ عدّت انھوں نے کھجور کے باغ میں کام کے لیے جانا چاہا تو خاندان کے ایک شخص نے انھیں ایسا کرنے سے منع کردیا کہ عدّت کے دوران میں عورت کا گھر سے باہر جانا جائز نہیں ہے۔۔ انھوں نے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر اپنامسئلہ پیش کیا اور اس کا جواب چاہا۔ آپﷺ نے انھیں گھر سے باہر نکلنے کی اجازت دے دی اور فرمایا:
بَلَى فَجُدِّي نَخْلَكِ، فَإِنَّكِ عَسَى أَنْ تَصَدَّقِي، أَوْ تَفْعَلِي مَعْرُوفًا۔ ( مسلم:۱۴۸۳)
کیوں نہیں، تم کھجور کے باغ جاکر کھجوریں توڑ سکتی ہو۔اس طرح امید ہے کہ تم کچھ صدقہ یاکوئی دوسرا نیک کام کرسکو گی۔
اپنی بیٹی سے کہیے کہ عدّت کی مکمل مدّت کے لیے رخصت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔مکمل مدت کے لیے نہ مل سکے تو جتنی مدت کے لیے مل جائے اس میں گھر پر رہیں۔ اگر بالکل رخصت نہ مل سکے تو وہ لیب جا سکتی ہیں۔ البتہ کوشش کریں کہ رات لازماً گھر پر ہی گزاریں۔■