ہلدوانی تشدد: ملزمین پر یو اے پی اے لگایا گیا،سپریم کورٹ کی نگرانی میں جانچ کا مطالبہ
قومی ایکتا منچ نے سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا
نئی دہلی ،16مئی :۔
اترا کھنڈ کے ہلدوانی میں گزشتہ 8فروری 2024 کو پیش آئے تشدد کے معاملے میں پولیس نے سات خواتین سمیت تمام 107 ملزمان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی دفعات شامل کی ہیں۔
واضح رہے کہ ہلدوانی تشدد میں سات لوگوں کی جان چلی گئی تھی اور پولیس کی فائرنگ اور پولیس جبر میں درجنوں دیگر زخمی ہوئے تھے۔ تشدد میں لاکھوں مالیت کی ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچاتھا۔اس تشدد میں مسلمانوں کو بڑے پیمانے پرجان و مال کا نقصان ہوا اور حیرت انگیز طور پر پولیس نے مسلمانوں کے خلاف ہی کارروائی کی ۔آج 107 گرفتار مسلمانوں پر یو اے پی اے لگا دیا گیا۔
انڈیا ٹو مارو ہند کے لئے ایس ایم اے کاظمی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز قومی ایکتا منچ نے "بن پھول پورہ تشدد: اصل مجرم کون ہے؟”کے عنوان سے ایک فیکٹ فائڈنگ رپورٹ جاری کی ہے ۔ اپنی رپورٹ میں، فورم نے تشدد کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ہلدوانی تشدد کیس کے سبھی ملزم اس وقت جیل میں ہیں۔26 فروری کو ہی پولس نے یو اے پی اے کے تحت 36 لوگوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔
اب اس معاملے میں سات خواتین سمیت 71 اور لوگوں کو یو اے پی اے کے تحت ملزم بنایا گیا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو کل 98 ملزمان کو ڈسٹرکٹ جج ہلدوانی کے سامنے پیش کیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں 28 دنوں کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔
قومی ایکتا منچ (کیو ای ایم) کنوینر رجنی جوشی نے اپنی رپورٹ کے اہم نتائج کی وضاحت کی اور بن پھول پورہ واقعہ کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اپنی رپورٹ میں، منچ نے تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے اور پولیس کارروائی میں اپنی املاک کھونے والوں کے لیے معاوضے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے پایا کہ پرتشدد واقعہ انتظامیہ کی مکمل ناکامی اور ریاستی حکومت کے فرقہ وارانہ تعصب پر مبنی رویہ کا نتیجہ ہے۔رپورٹ میں سیاسی قیادت کے دوہرے معیار کو بھی اجاگر کیا گیا ہے کہ اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور مقامی ایم پی نے زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی لیکن پولیس فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو نظر انداز کیا۔
اسی طرح خواتین پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر بھی روشنی ڈالی گئی لیکن کرفیو کے دوران غریب لوگوں پر پولیس کے مبینہ جبر کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔
منچ کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں بی جے پی کی ریاستی حکومت اور پولیس انتظامیہ پر بن پھول پورہ تشدد سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں مبینہ طور پر متعصبانہ فرقہ وارانہ رویہ کا الزام لگایا گیا ہے، جو پہلے بھی لگائے گئے ہیں۔