راجستھان سیاسی بحران: ممبران اسمبلی کی خرید و فروخت کے معاملے کی تحقیقات کے لیے مرکزی وزیر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا

جے پور، جولائی 20: مرکزی وزیر گجندر سنگھ شیکھاوت سے راجستھان حکومت کو گرانے کی سازش کے الزامات کی تحقیقات میں پوچھ گچھ کے لیے پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔

حالاں کہ مسٹر شیکھاوت نے، جو بی جے پی کے ایک سینئر رہنما ہیں، ان الزامات کی تردید کی ہے۔

گذشتہ ہفتے کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ کانگریس کے باغی ایم ایل اے، اشوک گہلوت حکومت کے خلاف بی جے پی کے ساتھ سازشیں کررہے ہیں۔ کانگریس کے الزامات سامنے آنے کے فوراً بعد ہی دو ایف آئی آر درج کرائی تھیں، جن میں سے ایک میں ’’گجندر سنگھ‘‘ کا نام بھی دیا تھا۔

پارٹی نے ایک آڈیو ریکارڈنگ کی نقلیں جاری کیں اور دعویٰ کیا کہ ان میں مرکزی وزیر اور باغی ایم ایل اے بھنور لال شرما کی آوازیں آئی ہیں، جنھوں نے مبینہ طور پر رشوت لینے پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔

’’جل شکتی‘‘ محکمہ کے مرکزی وزیر مسٹر شیکھاوت نے کہا ’’میں کسی بھی تحقیقات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ آڈیو میں میری آواز نہیں ہے۔ اگر مجھے پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا تو میں ضرور جاؤں گا۔‘‘