کرناٹک کے ایک دلت شخص اور اس کے خاندان کو مبینہ طور پر اونچی ذات کے ایک شخص کی موٹر سائیکل ’’چھونے‘‘ پر ایک ہجوم کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنایا گیا

کرناٹک، جولائی 20: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق کرناٹک کے وجے پورہ ضلع کی ایک ویڈیو میں ایک ناراض ہجوم ایک شخص کو لاٹھیوں اور جوتوں سے مار رہا ہے، کیوں کہ اس نے ایک اونچی ذات کے شخص کی موٹر سائیکل کو چھو لیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ اس دلت شخص کو ہفتے کے روز مبینہ طور پر اس کے اہل خانہ کے ساتھ زد و کوب کیا گیا، کیوں کہ مجمع اس بات پر ناراض تھا کہ ’’اس نے ایک ایسے شخص کی موٹر سائیکل کو چھو لیا تھا جس کا تعلق اونچی ذات سے تھا۔‘‘

اس حملے کے بعد، جو ریاستی دارالحکومت بنگلورو سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا، وہ دلت شخص شکایت درج کروانے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچا اور اپنا درد بیان کیا۔

سینئر پولیس افسر انوپم اگروال نے کہا ’’کل تالیکوٹ میں میناجی گاؤں کے ایک دلت انسان پر حملے کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ یہ الزام لگایا گیا تھا کہ جب اس نے غلطی سے ایسے شخص کی موٹر سائیکل کو چھوا، جو اعلی ذات سے تعلق رکھتا تھا، تو اس پر اور اس کے کنبہ کے افراد پر تقریباً 13 افراد کے ذریعے حملہ کیا گیا۔‘‘

پولیس شکایت میں تیرہ افراد کا نام لیا گیا ہے اور مقدمہ ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت اور تعزیرات ہند کی دفعات 143،147، 324، 354، 504، 506، 149 کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگوں کا ہجوم اس خاندان کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کچھ مردوں نے دلت شخص کو پکڑ کر زمین پر باندھ دیا اور دوسروں نے اسے پیٹا۔