دہلی میں بڑھتے ہوئے کوویڈ 19 کے معاملات کے پیش نظر جامع مسجد کو دوبارہ 30 جون تک بند کرنے کا اعلان

نئی دہلی، 11جون: دہلی کی جامع مسجد آج شام 8 بجے سے 30 جون تک بند رہے گی۔ مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے مسجد کے دوبارہ کھلنے کے صرف تین دن بعد یہ اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے معاملات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے درمیان لیا گیا ہے۔

شاہی امام کا اعلان ان کے سکریٹری امان اللہ کے کورونا وائرس کی وجہ سے فوت ہونے کے دو دن بعد سامنے آیا ہے۔ امان اللہ کو 3 جون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

بخاری نے ملک کی تمام مساجد سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں کوویڈ 19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ابھی مساجد کو بند رکھنے پر غور کریں۔

انھوں نے اپنے بیان میں ’’میں نے دوسری چھوٹی مساجد سے کے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے اور مساجد کے بجائے گھروں میں نماز ادا کرنے کی تلقین کریں۔‘‘

واضح رہے کہ جامع مسجد پیر کے روز دو ماہ سے زیادہ عرصے تک بند رہنے کے بعد کھول دی گئی تھی۔