دہشت گردانہ حملے کے خدشات کے بعد ایودھیا میں حفاظتی انتظامات نہایت سخت

ایودھیا، 29 جولائی: مرکزی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ذریعے اگلے ہفتے ایودھیا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے رام مندر کی ’’بھومی پوجن‘‘ کی تقریب میں خلل ڈالنے اور اسے روکنے کے لیے دہشت گرد گروہوں کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں ریاستی پولیس کو آگاہ کرنے کے بعد اتر پردیش میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت کے ساتھ شیئر کردہ داخلی نوٹ کی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ 5 اگست کو پاکستان کی آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم کی طرف سے حملہ کرنے کی کوشش کی جائے۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی ایس آئی نے لشکرِ طیبہ اور جیش محمد کی اعلی قیادت کو حملہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

شبہ کیا جارہا ہے کہ دہشت گردوں کا ایک چھوٹا گروہ ملک میں گھس سکتا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ’’بھومی پوجن‘‘ کی تقریب کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات ہر وقت سخت ہوں گے، کیوں کہ اسی دن دفعہ 370 کو منسوخ کرنے کی پہلی برسی بھی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ سیکیورٹی الرٹ 15 اگست، یوم آزادی تک برقرار رہے گا۔