دس روزہ مہم ’’اندھیروں سے اجالے کی طرف‘‘ اختتام پذیر

براداران وطن کے مثبت ردعمل سے کارکنوں کے حوصلے بلند

 

مہم کا اختتام مگر دعوت دین کے کام سے چھٹی نہیں: امیر حلقہ مہاراشٹرا رضوان الرحمٰن خان
ممبئی۔(دعوت نیوز نیٹ ورک) دعوت کے کام کا کوئی اختتام نہیں ہے ، یہ تو ہمیشہ کرنے کے کام ہیں اور ہم لوگ اس میں ہمیشہ مصروف رہتے ہیں ، یہ ہماری زندگی کا مرکز اور محور ہے ۔مہم تو ہمیں نئی جہت عطا کرتی ہے ‘‘۔جماعت اسلامی مہاراشٹر کی دعوتی مہم ’’اندھیروں سے اجالے کی طرف‘‘ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کے دوران امیر حلقہ مہاراشٹر ۔ رضوان الرحمن خان نے ان خیالات کا ظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ کہ اس مہم کے دوران ’’برادران وطن کی جانب سےامید سے زیادہ رسپانس ملا ،جنھوں نےنہ صرف اس کام کو سراہا بلکہ اس میں تعاون بھی کیا ‘‘۔ رضوان الرحمن خان نے کیڈر سےاپیل کی کہ مہم کے اختتام کو کام کا اختتام بالکل نہ سمجھیں بلکہ اس کے بعد دعوت کا کام اور زیادہ قوت کے ساتھ کریں ، مہم جذبوں کو نمو عطا کرنےاور اس کی آبیاری کے لیے منائی جاتی ہے ‘‘۔ امیر حلقہ نےزیادہ وسائل کے ساتھ دعوتی کام کی ضرورت کے پیش نظر ملت کو میدان عمل میں آنے کی ترغیب دی۔
مہم کے دوران جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان نے پورے مہاراشٹر میں برادران وطن تک اسلام کی دعوت پہنچانے میں اپنی قوت صرف کی ۔ ارکان وکارکنان نے عوامی مقامات جیسے جم اور کھیل کود کے میدان سمیت اسکول، ریلوے اسٹیشن بس اسٹینڈ ، لوکل ٹرینوں، اور منادر اور شیو سینا کی شاکھائوں وغیرہ میں بھی جاکر پیغام دیا۔اس دعوتی مہم میں جماعت کی شعبہ خواتین نے بھی بھرپور کوشش کی اورہم وطن بہنوں تک اسلام کی دعوت پہنچانے کی کوشش کی ۔ ممبئی میں بھی جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان نے اپنے مقامی یونٹ کی سرپرستی میں مہم کے ذریعہ طے شدہ پروگرام کے ذریعہ اسلام کی دعوت پہنچائی ۔ جنوبی ممبئی کی مدنپورہ اور محمد علی روڈ یونٹ نے سرکاری دفاتر ، پولس اسٹیشن اور شیوسینا کی شاکھائوں میں پہنچ کر اسلام کی دعوت دی ۔بھنڈی بازار میں واقع مانڈوی پوسٹ آفس میں وہاں کے اسٹاف و ذمہ داران کے سامنے اسلام کی دعوت پیش کی گئی ۔ یہاں ممبئی میٹرو کے سکریٹری شاکر شیخ اور ڈاکٹر کاظم ملک سمیت امیر مقامی محمد علی روڈ طاہر علی خان نے اسلام کا تعارف پیش کیا ۔ شاکر شیخ نے مراٹھی میں اسلام کی بنیادی تعلیمات پر روشنی ڈالی ۔بعد ازاں دعوتی مہم کا فولڈر ، اسلامک لٹریچر ، اور قرآن کے مراٹھی ترجمے پیش کئے گئے ۔جماعت اسلامی محمد علی روڈ کی جانب سے طاہر خان ، ڈاکٹر کاظم ملک اور عطا ء اللہ خان نے شیو سینا کے شاکھا پرمکھ کمہار واڑہ ویبھو میکر سے بھی ملاقات کی اور انہیں بھی اسلام کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کیا ۔ شاکھا پرمکھ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ آج تک ہم سے کوئی ملنے نہیں آیا ۔ یعنی گفتگو کا سلسلہ کہیں نہ کہیں سے شروع ہونا چاہئے ۔ امید ہے کہ جماعت اسلامی کی کوششیں مسلمانوں کو دعوتی کاموں پر ابھارنے کا ذریعہ بنیں گی ۔
جماعت اسلامی مدنپورہ یونٹ نے اس دوران شخصی ملاقات کے ساتھ اجتماعی ملاقات اور مختلف جگہوں پر دعوت دین کے تعلق سے مختلف سرگرمیوں کو انجام دیا ۔ کماٹی پورہ ،ناگپاڑہ جنکشن اور مجگائوں میں بک اسٹال لگایا گیا جہاں بڑے پیمانے پر برادران وطن نے مراٹھی میں اسلامک لٹریچر لینے میں دلچسپی دکھائی ۔واضح ہو کہ جماعت اسلامی مہاراشٹر کے پاس چار موبائل بک وین ہیں جس میں قرآن کا مراٹھی ترجمہ ، انگریزی ٹرانسلیشن اور مراٹھی ، انگریزی اور ہندی میں اسلامک لٹریچر دستیاب ہے ۔ شعبہ دعوت کے معاون سکریٹری امتیاز شیخ نے کہا کہ دعوتی مہم سے جو مقاصد ہم نے طے کئے تھے اسے ہم نے حاصل کرنے میں بڑی حدتک کامیابی ملی ۔ ریاست کے چھ کروڑ افراد تک اسلام کی دعوت پہنچانے کا جو ہدف مقرر کیا گیا تھا اسے تقریباً ہم نے حاصل کرلیا۔ ساتھ ہی اپنے کیڈر کو دعوت کے کام کے لیے متحرک کرنا بھی اس مہم کا مقصود تھا اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے یہ ہدف بھی پالیا ہے ۔برادران وطن کے درمیان اسلام کے تعلق سے جو غلط فہمیاں تھیں اسے بھی ہم نے بہت حد تک دور کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔آخری بات یہ کہ اسلام کے تعلق سے مثبت پیغام پہنچانے میں کامیابی ملی ہے ، خاص طور سے مذہبی طبقہ سے ہمیں خاصا تعاون ملا ۔ مہم میں ایک بات اور مثبت رہی کہ ذرائع ابلاغ نے بھی مہم کی سرگرمیوںکو اپنے یہاں جگہ دی جس سے ہمیں عوام تک اپنی بات پہنچانے میں کافی مدد ملی ۔اس سے یہ فائدہ ہوا کہ غلط فہمیوں کے ازالے کی شروعات ہوگئی ۔ مہم کی سرگرمیوں پر برادران وطن کی جانب سے سب سے مثبت بات یہ سامنے آئی کہ ہم جس سپنوں کے بھارت کی بات کرتے ہیں وہ اسی طرح سے ممکن ہوپائے گا ۔
***

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 7 فروری تا 13 فروری 2021