بی جے پی کی پرگیہ ٹھاکر نے دعوی کیا ہے کہ 5 اگست تک روز پانچ مرتبہ ’’ہنومان چالیسہ‘‘ پڑھنے سے کورونا وائرس سے نجات ملے گی

بھوپال، جولائی 26: بھارتیہ جنتا پارٹی کن رکن پارلیمان پرگیہ ٹھاکر نے ہفتے کے روز دعوی کیا ہے کہ 5 اگست تک شام 7 بجے روز پانچ بار ’’’ہنومان چالیسہ‘‘ پڑھنے سے کورونا وائرس کی وبائی بیماری سے نجات ملے گی۔

واضح رہے کہ 5 اگست ایودھیا کے رام مندر کی بھومی پوجن تقریب کے لیے مقرر کردہ تاریخ ہے۔

بھوپال سے رکن پارلیمنٹ ٹھاکر نے ٹویٹ کیا ’’آئیے ہم سب مل کر لوگوں کی اچھی صحت اور کورونا وائرس کی وبا کو ختم کرنے کے لیے ایک روحانی کوشش کریں۔ 25 جولائی سے 5 اگست تک اپنے گھر پر دن میں پانچ بار ’’ہنومان چالیسہ‘‘ پڑھیں۔ 5 اگست کو لیمپ جلا کر اور گھر میں بھگوان رام کو ’’آرتی‘‘ پیش کرکے اس رسم کا اختتام کریں۔‘‘

پرگیہ ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ جب ملک بھر سے ہندو ’’ایک آواز میں‘‘ دعا کریں گے تو کورونا وائرس غائب ہوجائے گا۔

ایک ویڈیو میں ٹھاکر نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی حکومت 4 اگست کو لاک ڈاؤن کو ختم کرے گی۔ اس نے کہا ’’لاک ڈاؤن 4 اگست کو ختم ہو رہا ہے اور یہ رسم (ہنومان چالیسہ پڑھنا) 5 اگست کو پوری ہوگی، جب ایودھیا میں رام مندر کا بھومی پوجن کیا جائے گا۔ ہم اس دن کو دیوالی کی طرح منائیں گے۔‘‘

اس سے قبل 23 جولائی کو مدھیہ پردیش اسمبلی پروٹیم اسپیکر رمیشور شرما نے دعوی کیا تھا کہ رام مندر کی تعمیر سے وائرس سے نجات ملے گی۔ شرما نے گوالیار میں نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ ’’انھوں (رام) نے انسانوں کی فلاح و بہبود اور راکشسوں کو مارنے کے لیے دوبارہ جنم لیا تھا۔ جیسے ہی رام مندر کی تعمیر شروع ہوگی، کوویڈ 19 کے وبائی امراض کی تباہی بھی شروع ہو جائے گی۔‘‘