ا سٹیفن جیس جیکسن کا قبول اسلام

باسکٹ بال کی دنیا سے خوش کن خبر

جعفر تابش، جموں و کشمیر

 

کھیل کا میدان ہمیشہ سے انسانوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ پھر چاہے جدید دنیا کے کھیل کے میدان ہوں یا قدیم دنیا کے۔ ان میدانوں سے ابھرنے والے کھلاڑی ہزاروں لوگوں کے لئے ’’آئیڈیل‘‘ بن جاتے ہیں۔ عمومی طور پر لوگ بالخصوص نوجوان اپنے رہن سہن، لباس اور وضع قطع میں بھی انہی کو نمونہ بناتے ہیں۔
لیکن بسا اوقات الله تعالیٰ ان کھلاڑیوں کے دلوں کو نورِ حق سے اس طرح منور فرما دیتا ہے کہ وہ اپنے چاہنے والوں کے لئے حقیقی معنوں میں ’’آئیڈیل‘‘ بن جانتے ہیں۔ ذیل میں ایک ایسے ہی شخص کی کہانی پڑھیے جس کی ساری زندگی کھیل کے میدان میں گزری اور آخر کار وہ کھیل کے میدانوں کے چکر کاٹتے کاٹتے زندگی کی حقیقی شاہراہ پرآ پہنچا۔
تعارف
باسکٹ بال کی دنیا کے اس کھلاڑی کا پورا نام اسٹیفن جیس جیکسن (Stephen Jesse Jackson) ہے۔ جیکسن کی پیدائش 5 اپریل 1978 کو امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہوسٹن میں ہوئی تھی۔ جیکسن کی عمر اس وقت 42 سال ہے۔
تعلیمی قابلیت
جیکسن نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز ’’ابراہم لنکن ہائی اسکول‘‘ سے کیا لیکن بعض پریشانیوں کی وجہ سے انہیں ورجینیا میں قائم ’’اوک ہل اکیڈمی‘‘ منتقل پڑا جہاں انہوں نے اپنی بقیہ تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لئے ’’یونیورسٹی آف ایریزونا‘‘ میں داخلے کی درخواست دی لیکن اہلیتی امتحان میں کم نمبرات حاصل کرنے کی وجہ سے وہاں داخلہ نہیں ہو سکا۔
اس کے بعد جیکسن نے اعلیٰ تعلیم کے لئے’’ بٹلر کاؤنٹی کمیونٹی کالج‘‘ میں داخلہ لیا اور تقریباً ایک سمسٹر کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1994 میں تعلیم کو خیرباد کہہ دیا اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ جیکسن کالج میں باسکٹ بال نہیں کھیل سکا تھا۔
پیشہ ورانہ زندگی
تعلیم کو خیرباد کہنے کے بعد سے لے کر 2001 تک جیکسن کئی ملکی اور غیر ملکی لیگس کا حصہ بنے۔ اسی دوران 1997 میں انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز بھی کر دیا تھا۔ 1997 میں این بی اے (National Basketball Association) کی لگنے والی بولی میں جیکسن کو 42 ویں نمبر پر ’’ فونیکس سنس‘‘ نے خریدا۔ جیکسن پانچ سال تک اس ٹیم کا حصہ رہے لیکن انہوں نے کوئی بھی این بی اے گیم نہیں کھیلی۔
2000 میں انہوں نے اپنا پہلا میچ کھیل کر این بی اے میں باقاعدہ اپنے سفر کا آغاز کیا۔
2003 میں جیکسن ’’سین اینٹونیو سپرس‘‘ کا حصہ رہتے ہوئے این بی اے خطاب کے فاتح بنے۔
جیکسن 1997 سے لے کر 2015تک جن ٹیموں کا حصہ رہے ان کی فہرست کچھ اس طرح ہے۔
(2001 – 1997) PhoenixSuns
(2001 – 2000) NewJersey
( 2013 – 2012) (2003 – 2001) SanAntonioSpurs
(2004 – 2003) AtlantaHawks
(2007 – 2004)IndianaPacers
(2009 – 2007) GoldenStateWarriors
(2011 – 2009) CharlotteBobcats
(2012 – 2011) MilwaukeeBucks
(2014 – 2013) LosAngelesClippers
22 جولائی 2015کو اسٹیفن جیکسن نے باسکٹ بال کی دنیا سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
ذاتی واقعات
19 نومبر 2004کو جیکسن این بی اے تاریخ کے سب سے بڑے متنازع واقعے میں ملوث پائے گئے۔ جسے ’’Malice at Palace‘‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
جیکسن ہال میں موجود تماشائیوں سے جھگڑے میں الجھ گئے تھے جس کے جرم میں انہیں اگلے تیس میچوں کے لئے برخاست کر دیا گیا تھا۔ جسی کی وجہ سے انہیں 1.7 ملین امریکی ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ سزا کے طور پر جیکسن پر 250 ڈالر کا جرمانہ اور 60 گھنٹے کی سماجی خدمات انجام دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔
لیکن جیکسن عدالت کے حکم پر پورا نہیں اتر پائے جس کی وجہ سے ان کی پابندی میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی۔
6 اکتوبر 2006 کو جیکسن اور ’’انڈیانا پیسرس‘‘ کے تین کھلاڑی، کھلاڑیوں کو پیسہ فراہم کرنے والے کچھ سرپرستوں سے الجھ بیٹھے۔ جب ایک نے جیکسن پر وار کیا تو جواب میں جیکسن نے اس پر پستول سے گولی چلا دی۔
جب جیکسن پر جرم ثابت ہوا تو اسے 5000 ڈالر جرمانہ اور سماجی خدمات میں 100گھنٹے گزارنے کی ہدایت دی گئی۔
ذاتی/ ازدواجی/ سماجی زندگی: 11 جولائی 2009 کو جیکسن نے Renata Elizabeth White سے شادی کرلی۔ لیکن سال 2013 میں جیکسن اور وائٹ کے طلاق کی خبریں گردش کرنے لگیں۔ پھر سال 2015 میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے طلاق کے فیصلے کو واپس لے لیا تھا اور دونوں ابھی تک رشتہِ ازدواج میں بندھے ہوئے ہیں۔ جیکسن نے 2008میں Stephen Jackson academy of Art, Science and Technology کے نام سے ایک ادارہ بھی قائم کیا۔ جس میں بچوں کی اعلیٰ تعلیم کا بندوبست کیا گیا ۔جیکسن مائی 2020 میں امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے سیاہ فام شخص ’’جورج فلائیڈ‘‘ کے قریبی دوست تھے۔ جیکسن اس وقت تقریباً 20 ملین ڈالر کی املاک کے مالک ہیں۔ یاد رہے کہ انہوں نے اپنے چودہ سال کے این بی اے کیرئیر میں تنخواہ کے طور پر 68ملین سے زائدرقم وصول کی۔سن 2008 میں جیکسن کو NBA Community assets award سے بھی نوازا گیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جیکسن کے چاہنے والوں کی ایک اچھی خاصی تعداد موجود ہے جس میں انسٹاگرام پر سب سے زیادہ (905k) ٹویٹر پر (75.8k ) اور فیس بک پیج پر (76k) افراد موجود ہیں۔
قبولِ اسلام
اسٹیفن جیکسن نے 6 جنوری 2021 کو باقاعدہ طور پر اسلام قبول کیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر اور ایک ویڈیو شائع کر کے اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ ایک پیغام میں جیکسن نے انہیں کلمہ شہادت پڑھانے والے بھائی کا شکر ادا کیا اور اپنے چاہنے والوں سے انہیں دعاوں میں یاد رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس دن کو اپنی زندگی کا سب سے بہترین دن قرار دیا۔ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک دنیا کی چکا چوند کو نزدیک سے دیکھنے والے جیکسن پر آخر کار اصل حقیقت واضح ہو گئی اورثابت ہو گیا کہ بلاشبہ منزلیں انہی کا استقبال کرتی ہیں جو ان تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ اسٹیفن جیکسن کی زندگی کے واقعات و تجربات کو پڑھ کر اس بات پر کامل یقین آ جاتا ہے کہ انسان کی زندگی میں نا امیدی کی کوئی جگہ نہیں۔
[email protected]

اسٹیفن جیکسن نے 6جنوری 2021 کو باقاعدہ طور پر اسلام قبول کیا اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر اور ایک ویڈیو شائع کر کے اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ ایک پیغام میں جیکسن نے انہیں کلمہ شہادت پڑھانے والے بھائی کا شکر ادا کیا اور اپنے چاہنے والوں سے انہیں دعاوں میں یاد رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس دن کو اپنی زندگی کا سب سے بہترین دن قرار دیا۔

مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، شمارہ 7 فروری تا 13 فروری 2021