انجمن طلبہ قدیم جامعتہ الفلاح یونٹ دہلی کے زیر اہتمام دعوت افطار

نئی دہلی،یکم اپریل :۔

انجمن طلبہ قدیم جامعۃالفلاح دہلی یونٹ کی جانب سے ایک افطار پارٹی کا اہتمام شاہین پبلک اسکول، شاہین باغ ، جامعہ نگر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی کیا گیا ۔  اس افطار  تقریب میں دہلی میں مقیم جامعۃ الفلاح سے فارغ  فلاحیوں کی ایک کثیر تعدا د شامل ہوئی۔  دہلی میں موجود فلاحی طلبہ جو اس وقت مختلف  یونیورسیٹریز مثلا جامعہ ملیہ اسلامیہ، جے این یو اور دلّی یونیورسٹی جیسے اداروں  میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔ دہلی یونٹ کے صدر انجمن کی غیر موجودگی میں ، انجمن طلبہ قدیم  دہلی یونٹ کے سیکریٹری محمد ارشاد عالم فلاحی نے بتایا کہ اس وقت دہلی میں تقریبا 400 کے قریب فلاحی برادران  موجود ہیں، پوری کوشش تھی کہ دہلی میں موجود ہر فلاحی کی شرکت کو یقینی اور لازمی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی تقریب میں جب فلاحی برادارن سے ملاقات ہوتی ہے تو ایک بار یادِ ماضی یعنی مادر علمی کی یادوں میں گم ہو جاتے ہیں اور اس کی ترقی کے سلسلے مزید مشورے پیش کئےجاتے ہیں، ساتھ ہی لوگوں سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ ان کی موجودہ سرگرمیوں کا بھی علم ہوجاتا ہے۔ افطار پروگرام کی ابتدا مولانا انعام اللہ فلاحی سابق سیکریٹری مرکزی انجمن طلبہ قدیم جامعۃ الفلاح کی تذکیرسے  ہوئی ، تقریب میں سینیئر فلاحی  مشرف حسین فلاحی نے کہا کہ اس طر ح کی دعوت افطار میں شامل ہونا ہر فلاحی کا حق ہے اور ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس میں شامل ہوکر اسے کامیاب بنانے کی پوری کوشش کریں۔

نعیم غازی فلاحی نے کہا کہ فلاحی برادران  سے ملاقات کا یہ ایک بہترین موقع ہوتا ہے اور آپسی تعارف کے ساتھ ساتھ قربت بھی بڑھتی ہے ۔ اس دعوت میں   بزرگ فلاحی حضرات نے شامل  ہو کر پروگرام کو کامیاب بنانے میں اپنی اہم ذمہ داری نبھائی ہے۔

واضح رہے کہ جامعۃ الفلاح  ہندوستان کا ایک معروف ادارہ ہے۔ جو ملک عزیز میں 1962 سے لگاتار ایک نمایاں رول انجام دے رہا ہے۔ یہاں کے فارغین اس وقت ملک و بیرون ملک میں سرکار ی و غیر سرکاری، کارپوریٹ، میڈیا اور بزنیسیز میں اہم  ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔