مغربی بنگال حکومت ریاست میں فلم ’’دی کیرالہ اسٹوری‘‘ پر پابندی لگائے گی: ممتا بنرجی

نئی دہلی، مئی 8: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو کہا کہ ریاستی حکومت فلم ’’دی کیرالہ سٹوری‘‘ کی نمائش پر پابندی عائد کرے گی۔ تاہم ابھی تک ایسا کوئی سرکاری حکم جاری نہیں کیا گیا ہے.

بنرجی نے کہا کہ یہ نفرت اور تشدد کے کسی بھی واقعے سے بچنے اور ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

پیر کو بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہ فلم ریاست کیرالہ کو بدنام کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

بنرجی نے کہا ’’انھوں نے دی کشمیر فائلز کیوں بنائی؟ ایک طبقے کو نیچا دکھانے کے لیے۔ یہ کیرالہ اسٹوری کیا ہے؟ اگر وہ کشمیری عوام کی مذمت کے لیے کشمیر فائلز تیار کر سکتے ہیں تو اب وہ ریاست کیرالہ کو بھی بدنام کر رہے ہیں۔‘‘

دریں اثنا فلم کے ہدایتکار سدپٹو سین نے کہا کہ وہ بنرجی حکومت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ قانون کی دفعات کے تحت جیسے بھی ممکن ہو گا، ہم لڑیں گے۔