ٹویٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کر دیا

نئی دہلی، نومبر 20: ٹویٹر نے اتوار کو امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر پابندی کے 24 ماہ بعد بحال کر دیا۔

ٹرمپ کا اکاؤنٹ ٹویٹر کے ارب پتی مالک ایلون مسک کے ایک سروے کے بعد بحال کیا گیا ہے، جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا سابق صدر کا اکاؤنٹ بحال کیا جانا چاہیے۔ ایک کروڑ سے زیادہ ٹویٹر صارفین نے پول میں ووٹ دیا اور ٹرمپ کے حق میں 51.8 فیصد ووٹ ڈالے۔

مسک نے پول کے بعد لکھا ’’لوگ بول چکے ہیں۔ لوگوں کی آواز خدا کی آواز ہے۔‘‘

ٹویٹر نے جنوری 2021 میں ٹرمپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر معطل کر دیا تھا، جب ان کے ہزاروں حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس کیپیٹل پر دھاوا بول دیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ تشدد میں ایک پولیس افسر سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے کہا تھا کہ ’’تشدد کے مزید بھڑکائے جانے کے خطرے‘‘ کے پیش نظر ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔

ٹرمپ کے علاوہ ٹویٹر نے ان کی مہم سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹ کو بھی معطل کر دیا تھا۔ فیس بک اور انسٹاگرام نے بھی پالیسی کی خلاف ورزیوں پر ٹرمپ کے اکاؤنٹس کو غیر معینہ مدت کے لیے بلاک کر دیا تھا۔

وہیں جمعہ کے روز ٹرمپ نے کہا کہ وہ ٹویٹر پر واپس آنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر قائم رہیں گے، جو ان کے بقول ’’غیر معمولی طور پر اچھا‘‘ کر رہا ہے اور ٹویٹر سے بہتر صارف کی مصروفیت رکھتا ہے۔ Truth Social کو ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ نے اکتوبر 2021 میں بنایا تھا۔