ہیمنتا بسوا شرما نے راہل گاندھی کی شکل کو صدام حسین سے تشبیہ دی

نئی دہلی، نومبر 23: آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا سرما نے منگل کے روز کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی شکل کو عراق کے سابق آمر صدام حسین سے تشبیہ دی۔

سرما نے کہا ’’میں نے ابھی دیکھا کہ اس کی شکل بدل گئی ہے… لیکن اگر آپ کو شکل بدلنی ہے تو کم از کم اسے سردار ولبھ بھائی پٹیل جیسا بنائیں یا جواہر لعل نہرو جیسا۔ یہ بہتر ہوتا اگر شکل [موہن داس] گاندھی جیسی نظر آئے۔ لیکن تمھارا چہرہ صدام حسین میں کیوں بدل رہا ہے؟‘‘

سرما نے دعویٰ کیا کہ ایسا اس لیے ہوا کیوں کہ کانگریس پارٹی کا کلچر ہندوستانیوں کے قریب نہیں ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ’’ان کی ثقافت ان لوگوں کے قریب ہے جنھوں نے ہندوستان کو کبھی نہیں سمجھا۔‘‘

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نے یہ تبصرہ گجرات کے احمد آباد شہر میں ایک سیاسی ریلی میں کیا۔

ریلی میں سرما نے کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا پر بھی تنقید کی اور الزام لگایا کہ وہ ہماچل اور گجرات کی انتخابی ریاستوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔

اس کے جواب میں کانگریس نے بدھ کو کہا کہ آسام کے وزیر اعلی ’’چھوٹے ٹرول‘‘ کی طرح برتاؤ کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا ’’میں اپنے رد عمل سے اس ہتک عزت کا اظہار کرنا بھی پسند نہیں کروں گا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا ’’آسام کے وزیر اعلی [سرما] بدقسمتی سے جب اس قسم کے جملے بیان کرتے ہیں تو ایک چھوٹے سے ٹرول کی طرح لگتے ہیں۔‘‘