سدرشن ٹی وی کے سریش چوہانکے کے خلاف نفرت انگیز تقریر سے متعلق معاملے میں ایف آئی آر کا مطالبہ کرنے والی درخواست کا جواب دیں، عدالت نے دہلی پولیس سے کہا

نئی دہلی، فروری 8: انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق دہلی کی ایک عدالت نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر ان چیف سریش چوہانکے کے خلاف مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کے لیے ایف آئی درج کرنے کا مطالبہ کرنے والی درخواست پر کارروائی کی رپورٹ پیش کرے۔

عدالت نے دہلی پولیس کو 7 مارچ تک رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔

سماجی کارکن وکاس کانگڑا نے اپنے وکیل محمود پراچہ کے ذریعے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ انھوں نے الزام لگایا کہ چوہانکے نے اپنی تقریر کے ذریعے اعلیٰ ذات کے ہندوؤں کے علاوہ ہندوستان کی تمام برادریوں کے خلاف دشمنی پیدا کرنے کی کوشش کی۔

کانگڑا نے دہلی میں 19 دسمبر کو ہندوتوا تنظیم ہندو یووا واہنی کے ذریعہ منعقدہ ایک پروگرام کا حوالہ دیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’’ملزم کو جائے وقوعہ پر جمع ہونے والے ہجوم کو جارحانہ، دشمنانہ اور دہشت زدہ کرنے کا حلف دلاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔‘‘

حلف میں لوگوں سے کہا گیا کہ وہ ہندو راشٹر بنانے کے لیے ضرورت پڑنے پر مرنے اور مارنے کے لیے تیار رہیں اور کسی بھی قربانی کے لیے تیار رہیں۔

کانگڑا کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چوہانکے نے یہ الفاظ ’’جمہوریہ ہند کی جگہ ہندو راشٹر کے قیام کے واضح مقصد‘‘ کے ساتھ استعمال کیے اور اس طرح کی تقریریں ’’اقلیتی برادریوں اور ہندوستان کی دیگر مظلوم طبقاتی برادریوں کے ذہنوں میں دہشت پھیلاتی ہیں۔‘‘

حالیہ مہینوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب دہلی کی کسی عدالت نے پولیس سے سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر کے خلاف مبینہ نفرت انگیز تقریر کے لیے کارروائی کرنے کو کہا ہے۔

اس سے قبل روہنی عدالت کے ایک جج نے دہلی پولیس سے ظفیر حسین نامی ایک شخص کی طرف سے دائر کی گئی شکایت کا جواب دینے اور یہ بتانے کے لیے بھی کہا تھا کہ آیا کوئی قابل شناخت جرم ثابت ہوا ہے یا نہیں۔

درخواست گزار نے 15 مئی کو نشر ہونے والے ایک شو پر اعتراض کیا تھا جس کا عنوان تھا ’’آؤ اسرائیل کا ساتھ دیں، ہماری کل کی لڑائی کا ساتھی ہے اسرائیل۔‘‘

حسین نے الزام لگایا تھا کہ ’’چوہانکے نے فلسطین-اسرائیل تنازعات کی آڑ میں، مسجد نبوی پر بمباری اور اسلام کے مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے میزائل پر مبنی ترمیم شدہ ویڈیو اور نشر کردہ تصویر دکھا کر مسلمانوں کو اکسانے اور بھڑکانے کی کوشش کی۔‘‘

روہنی عدالت اس معاملے کی اگلی سماعت 2 اپریل کو کرے گی۔

چوہانکے پر کئی دیگر مواقع پر بھی اشتعال انگیز تقریریں کرنے کا الزام ہے۔

16 ستمبر 2020 کو سپریم کورٹ نے سدرشن نیوز کو اس کے ’بنداس بول‘ شو کی آئندہ اقساط نشر کرنے سے روک دیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ اس سال 11 سے 14 ستمبر تک چینل کی طرف سے نشر ہونے والے چار ایپی سوڈ مسلمانوں کی توہین پر مبنی تھے۔

چینل نے مسلمانوں پر الزام لگایا تھا کہ وہ بیرون ملک سے دہشت گردی کی فنڈنگ ​​کا استعمال کرکے سول سروسز میں ’’دراندازی‘‘ کر رہے ہیں اور اسے ’’UPSC جہاد‘‘ قرار دیا تھا۔

چوہانکے نے سپریم کورٹ کے سامنے دعویٰ کیا تھا کہ یہ شو تحقیقاتی صحافت کا ایک ٹکڑا تھا اور کہا کہ سدرشن نیوز کو کسی بھی کمیونٹی کے کسی فرد کے میرٹ پر سول سروسز میں شامل ہونے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔