عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ ای ڈی ان پر تشدد کرنا چاہتی ہے، دہلی کی عدالت میں درخواست دائر کی

نئی دہلی، اکتوبر 7: عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ نے ہفتہ کے روز دہلی کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی جس میں الزام لگایا گیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انھیں تشدد کے لیے مقامی پولیس اسٹیشن کے لاک اپ میں منتقل کرنے کے لیے غلط بنیادیں بنائی ہیں۔

مرکزی ایجنسی نے بدھ کو راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ کو دہلی شراب پالیسی معاملے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ ایک دن بعد انھیں 10 اکتوبر تک پانچ دن کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

اپنی درخواست میں سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ جمعرات کی رات دیر گئے مرکزی ایجنسی نے انھیں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع اپنے ہیڈکوارٹر سے تغلق روڈ پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کی کوشش کی۔ وجہ کے طور پر حکام نے کہا کہ سنگھ کی درخواست کے مطابق انھیں اس سیل میں کیڑے مار دوا کا چھڑکاؤ کرنا پڑا، جہاں اسے رکھا گیا تھا۔

سنگھ نے کہا کہ اگر اس لاک اپ میں کیڑے مار ادویات کا چھڑکاؤ کرنا پڑا تو ان کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ہیڈکوارٹر میں متبادل انتظام ہونا چاہیے تھا۔

سنگھ نے عرض کیا ’’یہ بھی معقول فہم سے بالاتر ہے کہ نام نہاد پریمیئر تفتیشی ایجنسی کے پاس پورے ہیڈ کوارٹر میں صرف ایک لاک اپ ہے۔‘‘

درخواست میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ نے جب منتقلی سے انکار کیا تو انھیں ’’لاک اپ کے باہر سونے پر مجبور کیا گیا اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔‘‘

سنگھ کو شبہ ہے کہ انھیں تغلق روڈ پولیس اسٹیشن منتقل کرنے کے لیے فرضی بنیادیں بنائی گئی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سی سی ٹی وی کی موجودگی کے بغیر ان پر تشدد کر سکے۔

جمعرات کو عدالت کے حکم کے مطابق ایجنسی کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ سنگھ سے پوچھ گچھ صرف سی سی ٹی وی کوریج والی جگہ پر کی جائے، جسے بعد میں محفوظ کیا جا سکے۔

دہلی شراب پولیس کیس مرکزی ایجنسی کے ان الزامات سے متعلق ہے کہ نومبر 2021 میں عام آدمی پارٹی کی حکومت نے تھوک میں شراب فروشی کرنے والوں کے لیے 12% منافع اور خوردہ شراب فروشی کے لیے تقریباً 185% منافع کے مارجن کو یقینی بنانے کے لیے اب ختم شدہ ایکسائز پالیسی میں ترمیم کی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گذشتہ سال دسمبر میں داخل کی گئی اپنی چارج شیٹ میں سنگھ کا نام لیا تھا۔ اے اے پی لیڈر کا نام دنیش اروڑہ کے بیان میں آیا، جس نے کہا کہ وہ ابتدائی طور پر سنگھ کے ذریعے سسودیا سے ملے تھے۔

سنگھ نے اپریل میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو نوٹس جاری کیا، جس میں ایجنسی پر الزام لگایا کہ وہ ان کے خلاف ’’جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی مہم‘‘ چلا رہی ہے۔