دہلی فسادات: عدالت نے شیو وہار میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کے ایک ملزم کو بری کر دیا

نئی دہلی، اکتوبر 29: دہلی کی ایک عدالت نے قومی راجدھانی میں فروری 2020 کے فسادات کے دوران آتش زنی اور لوٹ مار کے ایک ملزم کو بری کر دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل نے سندیپ کمار نامی ایک شخص کو بری کر دیا، جس پر 25 فروری 2020 کو شیو وہار علاقے میں ایک گھر کو لوٹنے اور گھریلو سامان کو نذر آتش کرنے والے ہجوم کا حصہ ہونے کا الزام تھا۔

عدالت نے کہا کہ اگرچہ استغاثہ نے یہ ثابت کیا ہے کہ توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا، لیکن یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ اس کے لیے کوئی ہجوم ذمہ دار ہے، یا سندیپ کمار ایسے ہجوم کا حصہ تھا۔

جج نے کہا کہ شکایت کنندہ نے یہ واقعہ اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا تھا اور پولیس کے دو گواہوں کی گواہی میں بھی تضاد تھا۔

عدالت نے کہا کہ بیانات میں تضاد کے سبب پولیس گواہوں کی شہادتیں قابل اعتبار نہیں ہیں۔

پچھلے کچھ مہینوں میں کئی مواقع پر جج پرماچل نے اس انداز پر تنقید کی ہے، جس انداز سے دہلی پولیس نے دہلی فسادات سے متعلق معاملات سے نمٹا ہے۔