پنجاب: عام آدمی پارٹی کے میونسپل کونسلر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

نئی دہلی، اگست 1: عام آدمی پارٹی کے میونسپل کونسلر محمد اکبر کو اتوار کو پنجاب کے ضلع ملیرکوٹلہ میں ایک ورزش خانے (جِم) کے اندر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

ملیرکوٹلہ کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اونیت کور سدھو نے کہا کہ اکبر کا قتل ممکنہ طور پر ذاتی دشمنی کی وجہ سے ہوا ہے۔

دی ٹربیون کی خبر کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر ہرجیندر سنگھ نے کہا کہ پولیس نے اس مہلک حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے حاصل کی گئی فوٹیج میں دو افراد موقع سے فرار ہوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق اکبر نے فروری 2021 میں کانگریس کے ٹکٹ پر میونسپل انتخابات جیتے تھے۔ انھوں نے 2022 کے پنجاب اسمبلی انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

جنوری 2020 میں ان کے بڑے بھائی محمد انور کو بھی، جو ایک کانگریس کونسلر تھے، گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔