مثبت کوویڈ 19 رپورٹ اسپتالوں میں داخلے کے لیے لازمی نہیں: وزارت صحت

نئی دہلی، مئی 8: آج وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں کوویڈ 19 مریضوں کو داخلے کے لیے اب مثبت کورونا وائرس رپورٹ لازمی نہیں ہوگی۔

وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جس مریض کو انفیکشن ہونے کا شبہ ہے اسے کوویڈ 19 کیئر سنٹر کے مشتبہ وارڈ میں داخل کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’کسی بھی مریض کو کسی بھی وجہ سے خدمات سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ اس میں آکسیجن یا ضروری ادویات شامل ہیں، چاہے مریض کا تعلق کسی دوسرے شہر سے ہو۔‘‘

وزارت نے مزید کہا کہ مریضوں کو داخلے سے انکار نہیں کیا جانا چاہیے اگر چہ ان کے پاس اس شہر کا شناختی کارڈ موجود نہ ہو، جہاں اسپتال واقع ہے۔ وزارت نے کہا ’’اسپتال میں داخلہ لازمی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ لیکن اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ بستروں پر ایسے افراد نہ ہوں جنھیں اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘

وزارت نے کہا کہ نظرثانی شدہ اقدامات کا مقصد کورونا وائرس کے مریضوں کے موثر اور جامع علاج کو یقینی بنانا ہے۔ وزارت نے ریاستوں اور مرکزی علاقوں کے چیف سکریٹریوں سے بھی ضروری احکامات اور سرکلر جاری کرنے کو کہا ہے اور آئندہ تین دن کے اندر ان نئے قواعد کو نافذ کرنے کے لیے کہا ہے۔

دریں اثنا آج ہندوستان میں کورونا وائرس سے متعلق 4،187 اموات ریکارڈ کی گئیں، جو پچھلے سال وبائی امراض پھیلنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکت ہے۔ وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس کے ساتھ ہی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2،38،270 ہوگئی ہے۔

وہیں ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4،01،078 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے، جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2،18،92،676 تک جا پہنچی ہے۔ یکم مئی کے بعد یہ چوتھا موقع ہے جب ایک دن میں 4 لاکھ سے زیادہ نئے کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔