دہلی میں 100 سے بھی کم آئی سی یو بیڈ باقی بچے ہیں، صورت حال ہر لمحہ خراب ہوتی جارہی ہے: اروند کیجریوال

نئی دہلی، اپریل 18: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں تقریباً 25،500 نئے کورونا وائرس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ٹیسٹ میں مثبت نتائج کی شرح پچھلے روز 24.56 فیصد کے مقابلے بڑھ کر 30 فیصد ہوگئی ہے۔

پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریضوں کے لیے ریاست میں 100 سے بھی کم آئی سی یو بیڈ بچے ہیں اور صورت حال ہر لمحہ خراب ہوتی جارہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا ’’ہم نے مرکزی حکومت سے مدد کی درخواست کی ہے اور ہمیں مدد مل بھی رہی ہے۔ میں نے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر صحت ہرش وردھن سے مرکزی حکومت کے اسپتالوں میں زیادہ بستروں کی ضرورت اور کوویڈ 19 مریضوں کے لیے آکسیجن کے لیے بات کی ہے۔‘‘

کیجریوال نے کہا کہ مرکز کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے دہلی میں چلائے جانے والے اسپتالوں میں کم از کم 7،000 بستروں کو محفوظ رکھنا چاہیے اور آکسیجن کی فوری فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔ اس وقت مرکزی حکومت کے پاس 1،800 بستر محفوظ ہیں۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے کہا ’’دہلی حکومت اگلے دو تین دن میں آکسیجن کے ساتھ مزید 6000 بستر شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بہت سے آئی سی یو بیڈز کی بھی ایک حد ہے جو ہم شامل کرسکتے ہیں۔ لیکن ہم نے دیکھا ہے کہ زیادہ تر مریضوں کو تیز آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم اس کے لیے انتظامات کر رہے ہیں۔‘‘

کجریوال نے متنبہ کیا کہ اگر اس کی آکسیجن کے ذخیرے کی ضرورت نہ پوری کی گئی تو دہلی کو ایک بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی نے ہفتے کے آخر میں لاک ڈاؤن ہدایات پر عمل کرنے پر شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل ہی دن میں نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے آکسیجن کی فراہمی کی قلت کی بات کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ دہلی حکومت نے مرکز سے فوری طور پر دارالحکومت کے لیے آکسیجن کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔