’’ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا چاہیے‘‘: وزارت صحت

نئی دہلی، مئی 9: جمعہ کو مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ لوگوں کو ’’کورونا وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا چاہیے۔‘‘

یہ بات آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر رندیپ گلیریا کے اس بیان کے بعد کہی گئی ہے کہ ہندوستان کو معاملات میں اچھال کے لیے خود کو تیار رکھنا چاہیے، کیوں کہ اعداد و شمار اور تحقیقات کے مطابق جون اور جولائی کے درمیان انفیکشن اپنے عروج پر پہنچ سکتا ہے۔

وزارت صحت نے کہا کہ وائرس سے لڑنے اور اس پر قابو پانے کے لیے معاشرے کی مدد کی ضرورت ہے۔

وزارت صحت کے جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے کہا ’’یہ ممکن ہے کہ معاشرتی فاصلاتی اصولوں اور جارحانہ رکاوٹوں پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ہندوستان کبھی بھی بیماری کے عروج کو نہیں پہنچ سکتا ہے۔ لیکن جب ہم پابندیوں میں نرمیوں اور تارکین وطن کی واپسی کے بارے میں بات کرتے ہیں تو یہ ضروری ہے کہ ہم وائرس کے ساتھ رہنا سیکھیں اور طرز عمل میں ہونے والی تبدیلیوں پر عمل کریں۔‘‘

وزارت صحت نے یہ بھی کہا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کو قومی اخلاقیات کمیٹی سے ملک بھر کے 21 اسپتالوں میں پلازما تھیرپی کے دوسرے مرحلے کے مقدمات چلانے کے لیے منظوری حاصل ہوئی ہے۔ اس طبی طریقۂ کار میں کوویڈ 19 سے صحت یاب ہونے والے مریض کے پلازما کی منتقلی شدید بیمار مریض میں کی جاتی ہے۔

اگروال نے کہا کہ مرکز جلد ہی ریاستوں کو سرخ، سبز اور اورینج زون کے تحت آنے والے اضلاع کی ایک نئی فہرست فراہم کرے گا۔ درجہ بندی کا انحصار فعال معاملات کی تعداد اور دگنی شرح پر ہے۔

واضح رہے کہ آج صبح تک ملک بھر میں وائرس کے 59،662 معاملات تھے اور اب تک 1،981 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں۔