غیر شادی شدہ خواتین بھی ‘محفوظ قانونی اسقاط حمل’ کی حقدار: سپریم کورٹ

نئی دہلی ،29ستمبر؍2022:سپریم کورٹ نے جمعرات کومیڈیکل ٹرمینیشن آف پریگننسی (ایم ٹی پی)ایکٹ کی تشریح کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ غیر شادی شدہ، بیوہ اور طلاق یافتہ خواتین قانونی طور پر شادی شدہ خواتین کی طرح ہی24 ہفتے تک کے جنین کے اسقاط حمل کی حقدار ہیں۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی تین ججوں کی بنچ نے یہ بھی کہا کہ شوہر کی طرف سے جنسی ہراسانی، عصمت دری کی شکل اختیار کر سکتی ہے، اس لیے اس میں اسقاط حمل کے مقاصد کے لیے قانون اور قواعد کے تحت ازدواجی عصمت دری کے معنی کو شامل کیا جانا چاہیے۔بنچ نے واضح طور پر کہا کہ غیر شادی شدہ سمیت تمام خواتین محفوظ اور مناسب قانونی اسقاط حمل کی حقدار ہیں۔
سپریم کورٹ نے 25 سالہ غیر شادی شدہ خاتون کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے کے بعدیہ  فیصلہ سنایا۔ عرضی گزار نے دہلی ہائی کورٹ کے 16 جولائی کے حکم کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا، جس نے اس (عورت)کے 24 ہفتے کے جنین کے اسقاط حمل کرنے کی اس کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔
بنچ نے اپنے فیصلے میں ایم ٹی پی ایکٹ کی تشریح کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا کہ اس ایکٹ کے مقاصد کے لیے، شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین کے درمیان فرق مصنوعی ہے۔ اسے آئینی طور پر برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ یہ اس دقیانوسی تصور کو برقرار رکھتا ہے کہ صرف شادی شدہ خواتین ہی جنسی فعل میں ملوث ہوتی ہیں۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ 2021 میں میڈیکل ٹرمینیشن آف پریگننسی ایکٹ میں کی گئی ترمیم میں غیر شادی شدہ خاتون کو بھی شامل کرنے کے لیے شوہر کے بجائے ”پارٹنر” کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔
بنچ نے کہا کہ پارلیمانی ارادہ کی منشاازدواجی تعلقات سے پیدا ہونے والے حالات کے فوائد کو محدود کرنا نہیں ہے۔ بلکہ بیوہ یا طلاق یافتہ خاتون کو بھی 20-24 ہفتوں کے حمل کوختم کرنے کی اجازت دینا ہے اگر ایسا کرنا ضروری خیال کیا جائے اور تحقیقات کے بعد اس کی قانونی طور پر اجازت دی جائے۔