جموں بس اسٹینڈ میں پراسرار بم دھماکے، این آئی اے کی ٹیم نے تحقیقات شروع کی

نئی دہلی،29 ستمبر؍2022: جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں بس اسٹینڈ کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
بتادیں کہ اُدھم پور بس اسٹینڈ میں ہوئے دھماکے کے بعد جموں کے سبھی بس اسٹینڈوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں بس اسٹینڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی مدد سے بس اسٹینڈ میں موجود سبھی گاڑیوں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی۔
اُن کے مطابق ادھم پور میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد جموں صوبے میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر رکھی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ ادھم پوردھماکوں کے بعد جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔

دوسری طرف، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی اعلیٰ سطحی ٹیم نے اُودھم پور میں جائے وقوع کا دورہ کیا جہاں پر دو بم دھماکے ہوئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اُدھم پور بس اڈے کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکارڈ گاڑیوں کی ایک ایک کرکے تلاشی لے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اودھم پور کے بس اڈے اور دومیل چوک میں ہوئے دو بم دھماکوں کی تحقیقات قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)کو سپرد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی صبح این آئی اے کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم اُودھم پور پہنچی اور اُن مقامات کا جائزہ لیا جہاں پر دو دھماکے ہوئے۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ایجنسی اس کام میں جٹ گئی ہے کہ دھماکے کس نوعیت کے تھے۔
ایک سینئرپولیس آفیسر نے بتایا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ سٹکی بموں کے ذریعے دھماکے کرائے گئے تاہم فارنسک لیب کی رپورٹ کا انتظار ہے۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے اودھم پور میں کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر مشتبہ افراد کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون مکیش سنگھ نے بتایا کہ اودھم  پورکے دومیل چوک میں گذشتہ شب قریب ساڑھے دس بجے پٹرول پمپ کے نزدیک کھڑی ایک گاڑی میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔اے ڈی جی کے مطابق آٹھ گھنٹوں کے دوران دو میل چوک اور بس اڈے میں دو الگ الگ دھماکے ہوئے جن میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ اسی نوعیت کا ایک اور دھماکہ جمعرات کی علی الصبح تقریباً چھ بجے اودھم پور بس اڈے میں کھڑی ہوئی  ایک گاڑی میں ہوا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔