بنگلورو عیدگاہ گراؤنڈ میں گنیش اتسو نہیں، سپریم کورٹ نے جاری کیا حکم

نئی دہلی، اگست 31: سپریم کورٹ نے منگل کو بنگلورو عیدگاہ میدان کیس میں اسٹیٹس کیو کو برقرار رکھنے کا حکم دیا اور کہا کہ گنیش چترتھی کی تقریبات عیدگاہ گراؤنڈ میں نہیں منائی جائیں گی۔

اس سے پہلے دن میں سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ کرناٹک حکومت نے بنگلورو عیدگاہ گراؤنڈ کو گنیش اتسو کے سلسلے میں دو دن بدھ اور جمعرات کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

سپریم کورٹ نے یہ حکم اس معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سنایا۔

جسٹس ہیمنت گپتا اور سدھانشو دھولیا کی دو ججوں کی بنچ نے اس معاملے کو تین ججوں کی بنچ کو یہ کہتے ہوئے بھیج دیا تھا کہ ’’ججوں کے درمیان اختلاف رائے ہے۔‘‘ نئی بنچ میں جسٹس اندرا بنرجی، جسٹس اے ایس اوکا اور ایم ایم سندریش شامل ہیں۔

دو ججوں کی بنچ نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) یو یو للت کے سامنے اس معاملے کا ذکر کرنے کی آزادی بھی دی۔

25 اگست کو کرناٹک ہائی کورٹ کی سنگل بنچ نے کہا کہ اس زمین کو صرف کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے اور حکومت یا بی بی ایم پی کے ذریعہ یوم آزادی اور یوم جمہوریہ منانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ مسلم کمیونٹی دونوں عیدوں پر نماز ادا کر سکتی ہے۔ تاہم، ایک دن بعد ایک ڈویژن بنچ نے ایک اپیل پر حکم میں ترمیم کی اور حکومت کو زمین پر فیصلہ لینے کی اجازت دی۔

ریاستی وقف بورڈ نے گراؤنڈ میں گنیش چترتھی کے تہوار کی اجازت دینے کے منصوبے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ وقف کے وکیل اور سینئر وکیل کپل سبل نے اس معاملے کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا، چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت کی سربراہی والی بنچ کو مطلع کیا کہ اس سے ’’غیر ضروری تناؤ پیدا کیا جائے گا۔‘‘ سبل نے کہا کہ یہ زمین کئی دہائیوں سے مسلمانوں کے زیر استعمال ہے۔

اس سے قبل پیر کو ذرائع نے کہا تھا کہ کرناٹک حکومت 31 اگست کو گنیش چترتھی کے لیے بنگلورو کے عیدگاہ میدان میں ایک دن کا پنڈال بنانے کی اجازت دے سکتی ہے، نہ کہ کسی ہندوتوا یا مقامی گروپ سے منسلک مندر کو۔

جب سے بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) نے 6 اگست کو یہ فیصلہ دیا تھا کہ 2.5 ایکڑ پر مشتمل عیدگاہ میدان وقف بورڈ کے بجائے ریاست کی ملکیت ہے، جسے 1965 میں زمین پر اجتماعی حق دیا گیا تھا، بی جے پی حکومت ہندوتوا کے دباؤ میں ہے۔