بڑھتی ہوئی غربت اور بیماریوں کو روکنے کے لیے آبادی پر کنٹرول کے قانون کی ضرورت ہے: بی جے پی ایم پی

نئی دہلی، دسمبر 4: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کیرودی لال مینا نے جمعہ کو پارلیمنٹ کے جاری سرمائی اجلاس کے دوران پاپولیشن کنٹرول بل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آبادی کا دھماکہ غربت، بیماریوں، غذائی قلت اور آلودگی کی جڑ ہے۔

انھوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف ان کی سپلائی کم ہو رہی ہے۔ یہ ملاوٹ کو جنم دے رہا ہے، جو لوگوں کی صحت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ کینسر جیسی سنگین بیماریوں کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

مینا نے یہ بھی کہا کہ آبادی کے دھماکے نے صنفی فرق پیدا کر دیا ہے جس میں خواتین کو ’’برابری کا احترام اور حقوق‘‘ نہیں مل رہے ہیں۔

اس روشنی میں ایم پی نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کا بل ضروری ہے کیوں کہ اس کی عدم موجودگی ’’آتما نربھر بھارت‘‘ یا خود انحصار ہندوستان مہم کو کامیاب کرنا مشکل ثابت ہوگا۔

مینا کا آبادی پر قابو پانے کے قانون کا مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نومبر میں جاری ہونے والے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کے مطابق ہندوستان میں مجموعی پیدائش کی شرح پانچ سالوں میں 2.2 سے کم ہو کر 2 ہو گئی ہے۔ پیدائش کی شرح ان بچوں کی اوسط تعداد ہے جو عورت اپنی زندگی میں جنم دیتی ہے۔

ہندوستان کی شرح افزائش پہلی بار 2.1 کے متبادل کی سطح سے نیچے گر گئی ہے۔

دی پاپولیشن فاؤنڈیشن آف انڈیا، ایک غیر سرکاری تنظیم جو صنف کے لحاظ سے حساس آبادی، صحت اور ترقی کی پالیسیوں کی وکالت کرتی ہے، نے کہا تھا کہ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے کے نتائج نے ’’آبادی کے دھماکے کے افسانے‘‘ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

این جی او نے کہا ’’یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ہندوستان کو آبادی پر قابو پانے کے زبردستی اقدامات سے دور رہنا چاہیے۔‘‘

لیکن یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بی جے پی کے کسی رہنما نے آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا ہو۔

جولائی میں اتر پردیش کے لاء کمیشن نے اتر پردیش آبادی (کنٹرول، استحکام اور بہبود) بل 2021 پیش کیا تھا۔ مسودہ دستاویز میں آبادی کے کنٹرول کے بعد دو سے زیادہ بچے پیدا کرنے والوں کو سرکاری ملازمتوں اور ترقیوں سے انکار کرنے کی شق شامل تھی۔