دہلی:بین الاقوامی کتاب میلے میں بین مذاہب ہم آہنگی کا پیغام دے رہا ہے ’مسلم کونسل آف ایلڈرس‘

نئی دہلی ،02مارچ :۔
ملک کی راجدھانے دہلی کے پرگتی میدان میں جاری بین الاقوامی کتاب میلہ 05مارچ تک جاری رہے گا۔ جہاں دنیا بھر سے پبلشر اپنی مطبوعات کے ساتھ حاضر ہیں۔ہندی اردو ،انگریزی اوردنیا کی مختلف زبانوں میں مختلف موضوعات پر کتابیں یہاں شائقین کے لئے موجود ہیں۔روزانہ بڑی تعداد میں کتابوں کے شائقین اس میلے میں پہنچ رہے ہیں اور اپنی پسندیدہ کتابیں خرید رہے ہیں۔دہلی میں چل رہے اس کتاب میلے کی ایک انوکھی بات یہ ہے کہ یہاں صرف کتابوں کا ہی میلہ نہیں ہوتا بلکہ اس میلے میں مختلف تہذیبی اور ثقافتی اسٹال بھی لگائے جاتے ہیں تاکہ میلہ میں آنے والے شائقین کتابوں کی دنیا کے علاوہ دنیا بھر کے ثقافت اور کلچر سے بھی واقفیت حاصل کر سکیں۔کچھ مختلف تنظیموں اور اداروں کی جانب سے اپنے مقاصد کو عوام تک پہنچانے کے لئے بھی اس میلہ سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ایسے ہی مختلف اداروں کے اسٹالوں میں ایک اسٹال مجلس حکماء المسلمین یعنی مسلم کونسل آف ایلڈر س کا بھی اسٹال ہے جو پہلی بار اس بین الاقوامی کتاب میلے میں لگایا گیا ہے ۔
مسلم کونسل آف ایلڈرس مجلس حکماء المسلمین کا مقصد دنیا بھر میں پائے جانے والے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔دنیا بھر میں مذہب کے نام پر پھیلے تشدد اور بد امنی کو ختم کرکے مختلف مذاہب کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کی فضا سازگار کرنے اور امن کے قیام کی کوششوں کو عملی جامہ پہنانا اس ادرے کا بنیادی مقصد ہے ۔پرگتی میدان میں چل رہے کتاب میلے میں پہلی مرتبہ ہندوستان میں اس ادارے کا اسٹال لگایا گیا ہے ۔ مسلم کونسل آف ایلڈرس کے اسٹال پر بین مذاہب افہام و تفہیم اور عالمی امن کے موضوع پر متعدد کتابیں موجود ہیں ۔اسٹال پر موجود عتیق احمد ندوی ازہری نے بتایا کہ مسلم کونسل آف ایلڈرس پیام انسانیت کا پلیٹ فارم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کا مقصد کہ دنیا میں جتنے بھی مذاہب ہیں ان کے درمیان امن کا پیغام دینا ہے ۔خاص طور پر مختلف فرقوں اور مسالک میں تقسیم مسلمانوں کے درمیان امن اور اخوت و بھائی چارہ کا پیغام دینا ہے۔اور غیر مسلموں کو یہ پیغام دینا ہے کہ اسلام امن کا مذہب ہے ۔اخوۃ کا مذہب ہے ۔

Muslim council of Elders1

اسٹال پر موجود ایک دوسرے ذمہ دار اظہار احمد ندوی نے بتایا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے ہم یہاں ہیں ،بڑی تعداد میں لوگ اس اسٹال پر آ رہے ہیں اور ان سے ہم بات کر رہےہیں اور بتا رہے ہیں کہ ہمارے اس ادارے کا مقصد امن اور انسانیت ہے ،تمام مذاہب سے اوپر اٹھ کر انسانیت ہی ہمارا پیغام ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی پنڈتوں سے بھی اس دوران ہماری بات چیت ہوئی انہوں نے بھی مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے کا مقصد پوری دنیا میں جو اسلامو فوبیا کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اس کشیدگی کو بھی کم کرنا ہے اور امن کا پیغام دینا ہے ۔اس موقع پر انہو ں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے کتاب میلہ میں گزشتہ دنوں بین مذاہب سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کئی مذہبی رہنماؤں نے حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ویب سائٹ کی اطلاع کے مطابق مسلم کونسل آف ایلڈرس مجلس حکماء المسلمین ایک آزاد بین الاقوامی تنظیم ہے جو 21 رمضان 1435 ہجری (18 جولائی 2014) میں مسلم کمیونٹیز میں امن کو فروغ دینے کے لیے قائم کی گئی تھی۔اس کا قیام متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں عمل میں آیا تھا۔ دنیا میں امن انصاف اور اعتدال پسندی کے لئے معروف ہستیوں کو کونسل ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتی ہےتاکہ دنیا بھرمیں امن اور پیس کا پیغام عام کیا جا سکے۔