مہاراشٹر: پالگھر میں 15 سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، آٹھ افراد گرفتار

نئی دہلی، دسمبر 19: انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق پولیس نے اتوار کو بتایا کہ مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے ایک گاؤں میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ آٹھ افراد نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کی۔ جمعہ کی رات اور ہفتہ کی صبح کے درمیان گھنٹوں تک اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 15 سالہ لڑکی نے فون پر اپنے دوست کو بتایا کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کی دوپہر دو بجے کے قریب لڑکی کے والد نے انھیں اطلاع دی کہ وہ گذشتہ رات سے لاپتہ ہے۔ والد نے کہا کہ وہ اس سے فون پر بات کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا اور وہ گفتگو کے دوران رو رہی تھی۔

اخبار نے ایک نامعلوم پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ ’’نوعمر لڑکی نے اپنے دوست کو میسج بھیجا تھا کہ اسے اغوا کر لیا گیا ہے۔ دوست نے اس کے بعد اس کے گھر والوں کو وہ میسج پہنچایا جس کے بعد لڑکی والد تھانے پہنچے تھے۔‘‘

لڑکی کو بعد میں سمندر کے ساحل کے قریب ایک الگ تھلگ مقام سے ٹریس کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ پولیس نے الزام لگایا کہ ملزمان نے لڑکی کے ساتھ ایک خالی بنگلے میں جنسی زیادتی کی اور پھر اسے سمندر کے کنارے لے گئے، جہاں انھوں نے دوبارہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔

پالگھر ضلع دیہی پولیس کے ترجمان نے بتایا ’’ہفتہ کو درج کرائی گئی اپنی شکایت میں متاثرہ نے کہا کہ اس کے ساتھ زیادتی 16 دسمبر کی رات 8 بجے شروع ہوئی جو اگلے دن صبح 10 بجے تک جاری رہی…‘‘

پولیس نے اتوار کی صبح آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں 376 (D) (گینگ ریپ)، 366 (A) (نابالغ لڑکی کو خریدنا)، 341 (غلط طریقے سے روکنا)، 342 (غلط طریقے سے قید) اور 323 (تکلیف پہنچانا) شامل ہیں۔

پولیس نے اس معاملے میں بچوں کے تحفظ کے جنسی جرائم سے متعلق ایکٹ کی دفعات بھی لگائی ہیں۔ ایک سینئر اہلکار نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمین کو عدالت میں لے جایا گیا جس کے بعد انھیں پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔