بی جے پی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کے خلاف ایف آئی آر درج

 حیدر آباد میں انتخابی تشہیر کے دوران مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیان بازی پر الیکشن کمیشن نے شکایت کی

نئی دہلی ،10 مئی :۔

مہاراشٹر کے امراؤتی سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا کور کے خلاف تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے افسران کی شکایت کی بنیاد پر نونیت رانا کے خلاف شاد نگر پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ ان کے متنازعہ بیان پر درج ہوا ہے۔ انہوں نے ظہیرآباد میں اپنی اشتعال انگیزی  کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کانگریس کو ووٹ دینا پاکستان کو ووٹ دینے جیسا ہے۔

ان کے اس متازعہ و نفرت انگیز بیان پر لوگوں نے اپنی سخت ناراضگی ظاہر کی جبکہ الیکشن کمیشن کے افسران نے بھی اس کو سنجیدگی سے لیا ہے۔

نونیت رانا ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ کے سنگاریڈی میں بی جے پی امیدوار بی بی پاٹل کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پہنچی تھیں۔  اس کے علاوہ انہوں نےانتخابی جلسے میں مسلمانوں کے خلاف شدید اشتعال انگیز بیان بازی کی تھی اور ہندوؤں کو مسلمانوں کے خلاف بھڑکایا تھا۔حیدرآباد کے اے آئی ایم لیڈران اکبر اور اسدا لدین اویسی کے خلاف بھی بیان بازی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر 15 سیکنڈ کے لئے پولیس کو ڈیوٹی سے ہٹا دیں تو دونوں بھائیوں کا پتہ نہیں چلگا کہ وہ کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے ۔رانانے کہا کہ چھوٹا بولتا ہے کہ پولیس کو 15 منٹ کے لئے ہٹا ؤ تو دکھائیں گے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں ۔ میرا کہنا ہے تم 15 منٹ لگاؤ گے پر ہم کو 15 سیکنڈ لگیں گے۔ اگر 15 سیکنڈ پولیس کوہٹایا تو چھوٹے اور بڑے کو یہ پتا نہیں لگے گا کہاں سے آئے اور کہاں چلے گئے۔