اخر کار اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ سے ملی راحت ،یکم جون تک کیلئےضمانت منظور

نئی دہلی،10 مئی :۔

آخر کار دلی شراب پالیسی معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ  اروند کیجریوال کو سپریم کورٹ نے راحت دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو انتخابی تشہیر کے لئے یکم جون تک عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنایا۔ کیجریوال نے جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم انہیں یکم جون تک ہی راحت فراہم کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے اروند کیجریوال کی درخواست کی مخالفت کی تھی۔ اس کے علاوہ اب شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ میں عام آدمی پارٹی کو بھی ملزم قرار دینے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ ای ڈی کیجریوال کو ہی مبینہ گھوٹالہ کا ماسٹرمائنڈ قرار دے رہی تھی۔

سپریم کورٹ میں آج مشکل سے پانچ منٹ تک سماعت ہوئی اور عدالت نے حلف نامے پر سماعت کے دوران اپنا فیصلہ سنایا۔ اروند کیجریوال کی عبوری ضمانت کی سماعت کرنے والی بنچ نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا، ’’اگر آپ کچھ دلائل شامل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ شامل کر سکتے ہیں۔‘‘ اس پر سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا، ’’میں نے حلف نامہ داخل کر دیا ہے۔‘’ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ ’’ہم یکم جون تک عبوری ضمانت دے رہے ہیں اور ہم حکم جاری کر رہے ہیں۔‘‘