مدھیہ پردیش: پولیس نے ایک ویڈیو میں اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہوئے نظر آنے والے شخص کا گھر مسمار کردیا

نئی دہلی، دسمبر 26: مدھیہ پردیش پولیس نے اتوار کو ریوا ضلع میں ایک شخص کے گھر کو منہدم کر دیا جب ایک ویڈیو میں اسے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ پر حملہ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق 24 سالہ ملزم، جس کی شناخت پنکج ترپاٹھی کے نام سے ہوئی ہے، ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے اور اسے ہفتے کی رات اتر پردیش کے مرزا پور سے گرفتار کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ مبینہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص ایک 19 سالہ لڑکی پر حملہ کرتا ہے جب اس نے اس سے شادی کرنے کو کہا۔ سب ڈویژنل افسر نوین دوبے نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حملے کے بعد لڑکی پولیس اسٹیشن پہنچی، تاہم اس نے شکایت درج کرنے سے انکار کردیا۔

تاہم اس نے اس شخص کے خلاف شکایت درج کرائی جس نے ویڈیو بنا کر اسے پھیلایا اور اس کے خلاف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے ترپاٹھی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323 (رضاکارانہ طور پر تکلیف پہنچانا) اور 366 (اغوا) کے تحت بھی مقدمہ درج کیا ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اتوار کو ضلع کے موگنج علاقے کے ڈھیرا گاؤں میں ترپاٹھی کے گھر کو مسمار کیے جانے کا ویڈیو شیئر کیا۔ چوہان نے ٹوئٹ کیا کہ ’’جو بھی مدھیہ پردیش میں خواتین پر مظالم کرے گا اسے بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ترپاٹھی کا ڈرائیونگ لائسنس بھی منسوخ کر دیا ہے۔