مظفر نگر فسادات: 2013 میں خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے الزام میں دو مجرموں کو سزا سنائی گئی

نئی دہلی، مئی 9: اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع میں ایک ٹرائل کورٹ نے منگل کو دو افراد کو 2013 کے فسادات کے دوران ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے کا مجرم قرار دیا۔

دو افراد مہیشویر اور سکندر کو تعزیرات ہند کی ان دفعات کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے جو اجتماعی عصمت دری، غیر قانونی جنسی تعلق اور مجرمانہ دھمکیوں سے متعلق ہیں۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایک اور ملزم کلدیپ کی موت ہو گئی ہے۔

مظفر نگر میں 2013 میں ہونے والے فسادات میں کم از کم 60 لوگ مارے گئے تھے اور ہزاروں مسلم خاندان بے گھر ہو گئے تھے۔ مظفر نگر اور شاملی اضلاع میں جنسی زیادتی اور بدسلوکی کی کئی رپورٹیں بھی سامنے آئی تھیں۔

موجودہ معاملے میں سات خواتین نے الزام لگایا تھا کہ فسادات کے دوران ان کی عصمت دری کی گئی تھی۔ تاہم لائیو لاء کے مطابق ان میں سے چھ نے دھمکیوں کی وجہ سے کیس کی پیروی نہ کرنے کا انتخاب کیا۔