سول سروسز میں جسمانی طور پر معذور امیدواروں کی تقرری کے امکانات تلاش کریں، سپریم کورٹ نے مرکز سے کہا

نئی دہلی، نومبر 2: سپریم کورٹ نے بدھ کو مرکز کو ہدایت دی کہ وہ سول سروسز میں جسمانی معذوری کے حامل امیدواروں کی تقرری کے امکانات تلاش کرے۔ جسٹس ایس اے نذیر اور وی راما سبرامنیم کی بنچ نے کہا کہ فیصلے کی فزیبلٹی کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

بنچ نے کہا ’’وہ تمام زمروں میں فٹ نہیں ہو سکتے ہیں۔ ہمدردی ایک پہلو ہے، اور عصبیت دوسرا پہلو ہے۔ آپ [حکومت] براہ کرم اس پر غور کریں۔‘‘

اٹارنی جنرل آر وینکٹرمانی نے مرکز کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور انھوں نے مزید وقت مانگا۔

عدالت نے پھر کہا کہ وہ اس کیس کی سماعت جنوری 2023 میں کرے گی۔

مارچ میں سپریم کورٹ نے جسمانی معذوری کے حامل امیدواروں کو، جنھوں نے سول سروسز کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے، تین زمروں میں انتخاب کے لیے یونین پبلک سروس کمیشن کو عارضی طور پر درخواست دینے کی اجازت دی تھی۔

ایک عبوری حکم میں عدالت نے کہا تھا کہ امیدوار انڈین پولیس سروس، انڈین ریلوے پروٹیکشن فورس سروس، اور دہلی، دمن اور دیو، دادرا اور نگر حویلی، انڈمان اور نکوبار جزائر اور لکشدیپ پولیس سروس میں انتخاب کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اس نے یہ حکم ’’معذور افراد کے حقوق کے لیے قومی پلیٹ فارم‘‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کی طرف سے دائر کی گئی درخواست پر دیا تھا۔