بی جے پی میں شامل ہوں یا بلڈوزر کارروائی کا سامنا کریں، مدھیہ پردیش کے وزیر نے کانگریس لیڈروں سے کہا

نئی دہلی، جنوری 20: مدھیہ پردیش کے پنچایت وزیر مہندر سنگھ سسودیا نے ریاست میں کانگریس لیڈروں سے کہا ہے کہ وہ شہری انتخابات سے پہلے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو جائیں یا بلڈوزر کارروائی کا سامنا کریں۔

پی ٹی آئی کے مطابق بدھ کو گُنا ضلع کے روتھیائی قصبے میں ایک اجتماع میں سسودیا نے کہا ’’اس طرف ہو جاؤ۔ 2023 میں [جب ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں] بھی بی جے پی مدھیہ پردیش میں حکومت بنائے گی… ماما کا بلڈوزر تیار ہے۔‘‘

معلوم رہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو ’’ماما‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

کسی بھی ملزم کی جائیداد کو تباہ کرنے کا کوئی قانون نہیں ہے، لیکن بی جے پی کی حکومتیں تجاوزات ہٹانے کی آڑ میں انہدام کی مہم چلا کر تیزی سے ’’بلڈوزر انصاف‘‘ دے رہی ہیں۔ ان مہمات میں سے زیادہ تر میں مسلمانوں کی ملکیتی جائیدادوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

چوہان نے اس عمل کو مجرموں کے تئیں اپنی حکومت کی ’’زیرو ٹالرینس‘‘ کی علامت کے طور پر سراہا ہے۔

دریں اثنا گُنا ضلع کانگریس کے سربراہ ہری شنکر وجے ورگیہ نے جمعرات کو سسودیا سے تحمل سے کام لینے کو کہا۔ انھوں نے کہا ’’راگھوگڑھ کے لوگ 20 جنوری کو [راگھوگڑھ نگر شہری] انتخابات میں انھیں مناسب جواب دیں گے۔‘‘