جموں: نروال کے علاقے میں دو دھماکوں میں چھ افراد زخمی

نئی دہلی، جنوری 21: جموں کے نروال علاقے میں ہفتہ کے روز 15 منٹ کے اندر دو دھماکوں میں چھ افراد زخمی ہوئے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (جموں زون) مکیش سنگھ نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔

یہ دھماکے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا اور یوم جمہوریہ کی تقریبات سے پانچ دن قبل خطے میں سیکیورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیں۔

ایک نامعلوم اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ پہلا دھماکہ صبح 10.45 بجے کے قریب ہوا، اس کے 15 منٹ کے بعد دوسرا دھماکہ ہوا۔ اہلکار کے مطابق پہلے دھماکے میں پانچ اور دوسرے دھماکے میں دو مزید افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

جموں کے ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریا نے کہا کہ ان دھماکوں کے لیے عسکریت پسند ذمہ دار ہو سکتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وہ جموں و کشمیر کو بدنام کرنے کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ عسکریت پسندی کو بحال کر سکیں جو اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔‘‘