پی اے جی ڈی نے 10ستمبر کو جموں میں آل پارٹی میٹنگ طلب کی

نئی دہلی، اگست 30: پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی )نے 10ستمبر کو جموں میں آل پارٹی میٹنگ طلب کی ہے۔

پی اے جی ڈی کے ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ”آل پارٹی میٹنگ ،سیاسی  مشاورت کا حصہ ہے اور اس اہم ترین میٹنگ میں بیرونی لوگوں کو ووٹنگ لسٹ میں شامل کرنے کے کسی بھی اقدام کے خلاف متحد ہونے کے لئے مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی”۔

جموں وکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کے بیچ پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی )نے جموں میں 10 ستمبر کو آل پارٹی میٹنگ طلب کی۔

معلوم ہوا ہے کہ اس میٹنگ میں جموں کی سبھی سیاسی پارٹیوں کو شرکت کرنے کی دعوت دی جارہی ہے۔

پی اے جی ڈی کے ترجمان یوسف تاریگامی نے بتایا کہ 10ستمبر کو فاروق عبداللہ کی جموں رہائش گاہ پر دوپہر دو بجے آل پارٹی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ فاروق عبداللہ کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران غیر مقامی افراد کو ووٹنگ رائٹس کے حوالے سے ایک مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

بتادیں کہ الائنس نے 22 اگست کو سری نگر میں آل پارٹی میٹنگ کا انعقاد کیا تھا جس میں کانگریس ، شیو سینا اور اکالی دل سمیت متعدد پارٹیوں کے لیڈران نے شرکت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں میں آل پارٹی میٹنگ میں تمام چھوٹی بڑی سیاسی پارٹیوں کی شرکت کے لئے پی اے جی ڈی کے ممبران سرگرم ہو گئے ہیں۔