ای ڈی نے اساتذہ کی بھرتی سے متعلق گھوٹالے میں ترنمول کانگریس کے نوجوان لیڈر کو گرفتار کیا

نئی دہلی، جنوری 21: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ہفتہ کو ترنمول کانگریس کے نوجوان لیڈر کنتل گھوش کو مغربی بنگال میں پرائمری اساتذہ کی بھرتی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں گرفتار کیا۔

ایک نامعلوم اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ گھوش کو پہلے، ہفتے کے روز ان کے اپارٹمنٹ میں رات بھر کی تلاشی کے بعد حراست میں لیا گیا اور پھر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انھیں گرفتار کیا۔

اہلکار نے مزید کہا کہ گھوش کو کیس کی تفتیش کرنے والے افسران کے ساتھ تعاون نہ کرنے کے سبب گرفتار کیا گیا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم گھوش کو آج سٹی کورٹ میں پیش کریں گے۔

اہلکار نے بتایا کہ تلاشی کے دوران گھوش کے گھر سے کئی دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہیں۔

2019 میں مبینہ طور بھرتی کے اہل امیدواروں کے بجائے ایسے امیدواروں کو پیسے کے عوض نوکریاں دی گئیں جو اہل نہیں تھے۔

اس معاملے میں سابق وزیر پارتھا چٹرجی سمیت ریاستی محکمۂ تعلیم کے قریب ایک درجن اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔