جموں:مسلح فورسز اورجنگجوؤں کے مابین تصادم،تین جنگجو ہلاک

جموں، 28دسمبر: جموں میں آج علی الصبح ایک ٹرک میں چھپے ہوئے جنگجوؤں اور مسلح فورسز کے مابین تصادم میں تین جنگجوؤں کے ہلاکت کی اطلاع ہے۔

رپورٹوں کے مطابق جموں و کشمیر کے اے ڈی جی مکیش سنگھ نے بتایا کہ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے جموں کے سدھرا علاقے میں ایک ٹرک کو چیکنگ کے لئے روکا گیا ،جیسے ہی فورسز نے اس ٹرک کی جانچ کرنے کی کوشش کی ٹرک میں چھپے تین جنگجوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔اس دوران مستعد فورسز نے بھی کمان سنبھال لی۔اور کافی دیر تک دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔جس میں تینوں جنگجو ہلاک ہو گئے۔تینوں کی لاشیں ٹرک سے بر آمد کی گئی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مفرور ٹرک ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی اس بات کا پتہ چلا ہے کہ وہ کس تنظیم سے وابستہ ہیں ،مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ 26 جنوری کے پیش نظر وادی بھر میں الرٹ جاری ہے۔بڑے پیمانے پر مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز تعینات ہیں۔مشکوک ٹرک دیکھے جانے پر سیکورٹی فورسز نے تعاقب کے بعد سدھرا علاقے میں روک کر تلاشی لی جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔