ہریانہ: کسانوں نے حکومت کی جانب سے کرنال میں ہوئے لاٹھی چارچ اور ایس ڈی ایم آیوش سنہا کے کردار کی تحقیقات کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا

نئی دہلی، ستمبر 11: کسانوں اور کرنال کی ضلعی انتظامیہ کے درمیان جاری تعطل ریاستی حکومت اور کسان یونین کے رہنماؤں کے درمیان آج صبح منعقدہ میٹنگ کے چوتھے دور میں ایک خوشگوار قرارداد پر پہنچنے کے ساتھ ختم ہوگیا۔

ریاستی حکومت نے کسان یونین کے لیڈروں کو یقین دلایا ہے کہ ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو 28 اگست کے کرنال واقعے اور آئی اے ایس افسر آیوش سنہا کے کردار کی تحقیقات کرے گی۔

انکوائری مکمل ہونے تک سنہا چھٹی پر رہیں گے۔

حکومت نے کسانوں کو یہ بھی یقین دلایا کہ کسان سشیل کاجل (28 اگست کو بستارا ٹول پلازہ پر پولیس لاٹھی چارج کے بعد مرنے والے کسان) کے خاندان کے دو افراد کو نوکری دی جائے گی۔

اگرچہ کسان کاجل کے خاندان کے لیے مالی معاوضے کا بھی مطالبہ کر رہے تھے، لیکن ابھی تک ایسی کوئی یقین دہانی نہیں کی گئی ہے۔

ریاستی حکومت کے نمائندے، ایک سینئر آئی اے ایس افسر دیویندر سنگھ اور گرنام سنگھ چدونی کی قیادت میں کسان یونین کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد دونوں فریقوں کی مشترکہ پریس کانفرنس کرنال میں منعقد ہوئی جہاں اعلان کیا گیا کہ دھرنا ختم کیا جا رہا ہے۔

چدونی نے پریس کانفرنس میں کہا ’’ریاستی حکومت نے ہمارا مطالبہ مان لیا ہے کہ آئی اے ایس افسر کے کردار کی جانچ ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کے ذریعے کی جائے گی تاکہ اگر وہ افسر پر فرد جرم عائد کرے تو اس کا بڑا اثر پڑے گا۔‘‘

آئی اے ایس افسر دیویندر سنگھ نے مزید کہا ’’کسان ہمارے بھائی ہیں۔ ہم ان کے تمام مطالبات کے حوالے سے ایک قابل احترام اور دوستانہ حل پر پہنچ گئے ہیں۔‘‘