کووڈ 19 اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے صحافی رعنا ایوب کی فنڈ ریزنگ مہم کے خلاف اترپردیش میں ایف آئی آر درج

نئی دہلی، ستمبر 9: لائیو لاء کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز اتر پردیش کے غازی آباد شہر میں صحافی رعنا ایوب کے خلاف کووڈ 19 کے لیے اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کاموں کے لیے فنڈ ریزنگ مہم پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ہندو آئی ٹی سیل نامی ایک ہندوتوا گروپ نے ایوب کے خلاف یہ شکایت درج کی ہے۔

ہندوتوا گروپ نے الزام لگایا ہے کہ ایوب نے ایک آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے غیر قانونی طور پر پیسے جمع کیے تھے۔ شکایت میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ صحافی نے حکومت کی منظوری کے بغیر غیر ملکی فنڈز وصول کیے ہیں۔

واضح رہے کہ رعنا ایوب بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی معروف ناقد ہیں۔

ایوب کے خلاف الزامات منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون کی دفعہ 4 (منی لانڈرنگ کی سزا) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66D (کمپیوٹر کے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی دھوکہ دہی کی سزا) کے تحت دائر کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر میں دفعہ 403 (جائیداد کی بے ایمانی، غلط استعمال)، 406 (اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی کی سزا)، 418 (دھوکہ دہی) ، 420 (دھوکہ دہی اور بے ایمانی سے جائیداد کی ترسیل) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

جون میں غازی آباد میں ایک بزرگ مسلمان شخص پر حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر صحافی رعنا ایوب کے خلاف ایک اور پولیس کیس درج کیا گیا تھا۔ 21 جون کو بمبئی ہائی کورٹ نے اس کیس میں انھیں چار ہفتوں کے لیے گرفتاری سے عبوری تحفظ دیا تھا۔