نوٹ بندی ایک ’’اچھی طرح سے سوچا سمجھا فیصلہ‘‘ تھا جو آر بی آئی کی مشاورت سے لیا گیا تھا، مرکز نے سپریم کورٹ کو بتایا

نئی دہلی، نومبر 17: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز سپریم کورٹ کو بتایا کہ نومبر 2016 میں 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو بند کرنے کا اقدام پیشگی تیاری اور ریزرو بینک آف انڈیا کے ساتھ مشاورت کے بعد لیا گیا ایک ’’اچھی طرح سے سوچا سمجھا فیصلہ‘‘ تھا۔

حکومت نے ایک حلف نامہ میں کہا ’’عوام کو ہونے والی تکلیف کو کم کرنے اور معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ کو کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے تھے۔ قلیل مدتی تکلیف اور رکاوٹوں کو بڑے تناظر میں دیکھنا ہوگا۔‘‘

حکومت نے جسٹس ایس عبدالنذیر، بی آر گوائی، اے ایس بوپنا، وی راما سبرامنیم اور بی وی ناگرتھنا کی آئینی بنچ کے سامنے عرضی پیش کی۔ بنچ نوٹ بندی کے اقدام کو چیلنج کرنے والی 58 عرضیوں کے ایک بیچ کی سماعت کر رہی ہے۔

8 نومبر 2016 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان میں آدھی رات سے 500 اور 1000 روپے کے کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم ہو جائے گی۔ مودی نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ بدعنوانی، کالے دھن اور دہشت گردی سے لڑنے کے لیے لیا گیا ہے۔

نوٹ بندی کے بعد نئے ڈیزائن والے 2000 روپے اور 500 روپے کے نوٹ متعارف کرائے گئے تھے۔

درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مشق سے شہریوں کے متعدد آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، جیسے جائیداد کا حق (آرٹیکل 300A)، مساوات کا حق (آرٹیکل 14)، کسی بھی تجارت، کاروبار یا پیشے کو جاری رکھنے کا حق (آرٹیکل 19) اور زندگی اور معاش کا حق (آرٹیکل 21)۔

بدھ کو جمع کرائے گئے حلف نامے میں مرکزی حکومت نے کہا کہ نوٹ بندی کی مشق کے کئی فائدے ہیں جیسے کہ جعلی کرنسی نوٹوں میں کمی، ڈیجیٹل لین دین میں اضافہ اور بے حساب آمدنی کا پتہ لگانا۔

حکومت نے کہا ہے ’’معاشی ترقی پر نوٹ بندی کا مجموعی اثر عارضی تھا، مالی سال 16-17 میں حقیقی ترقی کی شرح 8.2% اور مالی سال 17-18 میں 6.8% تھی، دونوں ہی وبائی امراض سے پہلے کے سالوں میں 6.6% کی دہائی کی شرح نمو سے زیادہ تھیں۔‘‘

اس میں یہ بھی شامل کیا گیا کہ حکومت نے فروری 2016 میں ریزرو بینک آف انڈیا کے ساتھ اس اقدام کے بارے میں مشاورت شروع کی تھی۔

حکومت نے آئینی بنچ پر زور دیا کہ اس مشق کی قانونی حیثیت کے بارے میں مزید سماعت نہ کی جائے۔

لائیو لاء کے مطابق حکومت نے کہا ’’سپریم کورٹ نے عام طور پر معاشی پالیسیوں کے دائرے میں آنے والے فیصلوں پر عدالتی نظرثانی سے گریز کیا ہے۔‘‘

دریں اثنا ایک الگ حلف نامے میں ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا کہ عوام کو ہونے والی تکلیف نوٹ بندی کو چیلنج کرنے کی بنیاد نہیں ہو سکتی کیوں کہ وہ فیصلہ قومی اقتصادی مفاد میں لیا گیا تھا۔