2019 میں یوپی میں خواتین پر تشدد کے سب سے زیادہ واقعات، ہندوستان بھر میں روزانہ اوسطاً 87 عصمت دری کے معاملات درج ہوئے: این سی آر بی

نئی دہلی، ستمبر 30: منگل کو جاری کی جانے والی نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی سالانہ رپورٹ ’’ہندوستان میں جرائم‘‘ 2019 کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان بھر میں 2019 کے دوران خواتین کے خلاف جرائم کے 4،05،861 واقعات رپورٹ ہوئے اور اترپردیش میں 59،853 ایسے واقعات سامنے آئے ہیں۔

2018 کے مقابلے خواتین کے خلاف جرائم کی شرح میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جب ملک میں 2019 میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے ہر روز اوسطاً 87 واقعات درج ہوئے ہیں۔

آسام میں خواتین کے خلاف جرائم کی سب سے زیادہ شرح 117.8 فی لاکھ آبادی بتائی گئی ہے۔

این سی آر بی ڈاٹا کے مطابق ’’بیشتر مقدمات ’’شوہر یا اس کے رشتہ داروں کے ذریعہ ظلم‘‘ (30.9 فیصد) اس کے بعد ’’خواتین کی عصمت پر حملہ‘‘ (21.8 فیصد) اور ’’خواتین کے اغوا اور زیادتی‘‘ کے (17.9 فیصد) ہیں۔‘‘

کرائم بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق بچوں کے خلاف بھی جرائم کے معاملات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 2018 کے مقابلے میں بچوں کے خلاف جرائم 2019 میں 4.5 فیصد بڑھ چکے ہیں۔ 2019 میں بچوں کے خلاف جرائم کے کل 1.48 لاکھ مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان میں سے تقریباً 46.6 فیصد اغوا کے مقدمات تھے اور 35.3 فیصد معاملات جنسی جرائم سے متعلق تھے۔