2008 کے جے پور سلسلہ وار دھماکوں کے معاملے میں 4 کو پھانسی کی سزا

جے پور: شہر کی ایک خصوصی  عدالت نے جے پور 2008 دھماکوں کے معاملے میں چاروں مجرموں  کو جمعہ  کو پھانسی کی سزا سنائی۔ خصوصی  عدالت کے جج  اجے کمار شرما نے جمعہ  کی شام یہ سزا سنائی۔ پبلک پراسیکیوٹر شری چند نے کہا کہ الگ الگ معاملوں میں مجرموں  کو پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ خصوصی  عدالت نے بدھ کو دیے فیصلے میں چار ملزمین  محمد سرور اعظمی، محمد سیف، محمد سلمان اور سیف الرحمن کو مجرم  ٹھہرایا تھاجبکہ ایک ملزم  شہباز حسین کو الزام سے بری  کر دیا تھا۔ جمعرات  کو مجرموں کو سزا کی مدت  پر بحث ہوئی۔

واضح رہے کہ جےپور میں 13 مئی 2008 کو ہوئے سلسلےوار دھماکوں میں کل 80 لوگوں کی موت ہوئی تھی اور  تقریباً 170 لوگ زخمی  ہوئے تھے۔اس سے پہلے بدھ کو پبلک پراسیکیوٹر شری چند نے بتایا تھا کہ چار ملزمین  کو مجرم ٹھہرایا گیا ہے۔ ان کو آئی پی سی  کی دفعہ 302, 307,324, 326, 120 بی، 121اے اور 124 اے، 153 اے کے تحت مجرم  مانا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دفعہ تین کے تحت اور دفعہ  13, 16, 1 اے اور 18 کے تحت بھی انہیں مجرم  ٹھہرایا ہے۔

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے جے پور بم بلاسٹ  معاملے میں عدالت کے فیصلے کو سہی فیصلہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد  میں یقین  رکھنے والے لوگوں کو سبق ملنا چاہیے۔

(ایجنسیاں)